تمام مسلمان آپس میں امن و شانتی بنائے رکھیں:شجاع ظفر
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں مسلم فرنٹ کا ایک اہم اجلاس چیئرمین شجاع ظفر کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں جے ایم ایف کے لیڈران نے وسیم رضوی کی عرضی اور بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ اس موقع پر شجاع ظفر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وسیم رضوی نے جو حرکت کی وہ قابل مذمت ہے ۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں کوئی بھی شخص قرآن پاک کے ایک لفظ کو بھی بدلنے کا سوچ نہیں سکتا اور یہ وہ کتاب ہے جو اللہ پاک نے نازل فرمائی ہے ۔انہوں نے اس ضمن میں مسلمانان ہند سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ امن و سکون اور آپسی بھائی چارے کو بنائے رکھیں ۔ اس سلسلے میں صدر جے ایم ایف عمران قاضی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نے اہل اسلام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کی غلطی کی وجہ سے سماج میں امن کو خراب نہ کیا جائے اور تعلیمات اسلام کے مطابق امن و سکون بنائے رکھیں۔ اس موقع پر جے ایم ایف کے دیگر لیڈران نے بھی وسیم رضوی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔