یواین آئی
نئی دہلی؍؍ کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مرکزی حکومت پر جموں و کشمیر کو برباد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اس اتحاد کا یہی حشر ہونا تھا۔ ساتھ ہی پارٹی نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ساتھ حکومت بنانے کے امکانات کو مکمل طور مسترد کر دیا۔ بی جے پی کے جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد سے ہٹنے کے اعلان کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلی غلام نبی آزاد نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ تین سال میں بی جے پی-پی ڈی پی مخلوط حکومت نے جموں و کشمیر کو تباہ و برباد کر دیا اور ہمیں خوشی ہے کہ مرکز نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے ۔ اس دوران ریاست میں مثبت سیاست اور ترقی پٹری سے اتر چکی تھی۔ مسٹرغلام نبی آزاد نے کہا کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت ریاست کو برباد کر کے سارا گناہ پی ڈی پی کے سر پر تھوپ کر اپنی ذمہ داری سے نہیں بھاگ سکتی۔ اس سوال پر کہ کیا اب کانگریس ریاست میں پی ڈی پی کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی؟ انہوں نے کہا کہ اس کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے ۔ مسٹر غلام نبی آزاد نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال کے لئے پی ڈی پی تو ذمہ دار ہے ہی لیکن یہ مکمل طور پر بی جے پی اور مرکزی حکومت کی ناکامی ہے ۔ بی جے پی کو جموں و کشمیر میں حکومت چلانے کا کوئی تجربہ نہیں تھا اور اس مخلوط حکومت کا یہی حشر ہونا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے وقت انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا تھا کہ وہ پی ڈی پی کے ساتھ حکومت بنا کر بہت بڑی غلطی کر رہے ہیں لیکن ان کی بات پر اس وقت توجہ نہیں دی گئی۔ مگر اب جو ہوا وہ صحیح ہے ۔ ریاست کے لوگ مستقبل میں مزید تباہی سے بچ گئے ۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ اور خود انہوں نے پی ڈی پی سے مھاگٹھ بندھن قائم کرکے حکومت بنانے کو کہا تھا لیکن پی ڈی پی نے مرکز سے تعاون نہ ملنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانا مناسب سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی پارٹی کو علاقائی پارٹی پر اتحاد کا دباؤ نہیں ڈالنا چاہئے اور انہیں اپنا ساتھی منتخب کرنے کی آزادی دی جانی چاہئے ۔ مسٹر آزاد نے کہا کہ بی جے پی-پی ڈی پی حکومت کے دور میں بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے سب سے زیادہ واقعات ہوئے ، عام شہریوں سمیت فوج کے سب سے زیادہ جوان مارے گئے اور سب سے زیادہ شہری زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے جب حکومت بنائی تھی تو دہشت گردی پر روک لگاکر ریاست میں ترقی ٹریک پر آ گئی تھی۔ لیکن جب بی جے پی نے پہلی بار حکومت میں قدم رکھا تو اسی دن سے جموں و کشمیر کی بربادی شروع ہو گئی۔