یواین آئی
واشنگٹنامریکہ نے چین کے ساتھ تجارتی جنگ میں ‘جیسے کو تیسا’ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اس کے 200 ارب ڈالر کی مصنوعات پر 10 فیصد کا درآمد ٹیکس لگانے کی دھمکی دی ہے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو ایک بیان جاری کر کے کہا کہ انہوں نے امریکی تجارتی نمائندے کو ان چینی مصنوعات کو نشانزد کرنے کو کہا ہے جن پر حالیہ محصولات لگائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم چین طرف سے 50 ارب ڈالر کے امریکی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیکس لگانے کے اعلان کے جواب میں اٹھایا گیا ہے ۔امریکی صدر نے کہا”اگر چین اپنا رویہ تبدیل کرنے اور امریکی مصنوعات پر لگائے گئے محصولات کو واپس لینے کو راضی نہیں ہوا تو قانونی عمل مکمل ہونے کے بعد چین کی مصنوعات پر یہ ٹیکس لاگو کئے جائیں گے ”۔چین نے ہفتہ کو 50 ارب ڈالر کے امریکی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی چارج لگانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے پہلے امریکہ نے جمعہ کو ہی 50 ارب ڈالر کے چینی مصنوعات پر 25 فیصد درآمد ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں چین نے یہ قدم اٹھایا تھا۔ مسٹر ٹرمپ نے املاک دانش کی چوری اور غیر اخلاقی تجارتی سرگرمیوں کا حوالہ دے کر چین سے درآمدی مصنوعات پر درآمد ی ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا۔ چین نے جوابی اقدامات کی وارننگ دی تھی۔ اب امریکہ نے ایک بار پھر چین کی مصنوعات پر درآمد ی ٹیکس لگانے کی دھمکی دی ہے ۔ اسی کے ساتھ دنیا کی ان دو اہم معیشتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے چین کے موقف سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنا رویہ تبدیل کرنے کی بجائے امریکی کمپنیوں، اہلکاروں اور کسانوں کو دھمکا رہا ہے جنہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چین نے امریکہ کے اس اقدام کے بدلے اپنا درآمدی ٹیکس بڑھا یاتو امریکہ اس کے 200 ارب ڈالر کی مصنوعات پر دوبارہ درآمدی کی فیس لگائے گا۔