لکھنؤ ،// جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ملی جیت کا سہرا ٹیم کی اجتماعی کوششوں کے سر باندھتے ہوئے ہندوستانی ویمن ٹیم کی میڈیم پیسر جھولن گوسوامی نے کہا کہ ٹیم کورونا دور سے بگڑٰ ے فارم سے نجات حاصل کرچکی ہے اور حریف کو سخت چیلنج دینے کے لئے تیار ہے۔
جھولن نے کہا ، "آج کی کامیابی کاکریڈٹ کسی ایک کھلاڑی کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو دیا جانا چاہئے۔ ہم نے گیند اور بلے سے پہلے میچ کے مقابلے بہتر مظاہرہ کیا جس کا نتیجہ جیت کی شکل میں دیکھنے کو ملا۔ کرونا کی وجہ سے ، پہلا میچ ہم ایک سال کے بعد کھیل رہے تھے اور شاید اسی لئے ٹیم فارم میں نہیں تھی لیکن آج کے میچ میں گیندبازوں اور بلے بازوں نے جدوجہد سے بھرپور مظاہرہ کیا۔
اسمرتی مندھانا کے مظاہرہ پر انہوں نے کہا ’’وہ ایک شاندار بلے باز ہے اور اس کا میچ میں آخر تک ٹکے رہنا ٹیم کی جیت کو آسان بناگیا۔ پونم نے اسمرتی کا بخوبی ساتھ دیا۔ ہماری کوشش رہے گی کی کارکردگی میں یہ مستقل مزاجی آگے بھی بنی رہے۔
اگلے سال ہونے والی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہرکھلاڑی کی فٹنس اہم کرداراداکرتی ہے۔ عالمی کپ سے قبل ہمارے پاس تیاری کے لئے ابھی کافی وقت ہے۔ انگلینڈ میں ہونے والی مختصر ٹیسٹ سیریز بھی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مضبوط کرے گی۔ ٹیم کا ہرممبر ٹیسٹ سیریز کے لئے بے حد پرجوش ہے اور ٹیم اس انعقاد کے لئے بی سی سی آئی کاشکریہ اداکرتی ہے۔ سال 2014 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہم نے آخری بار ٹیسٹ کھیلا تھا اور طویل وقت کے بعد ٹیسٹ میچ کا انعقاد بلاشبہ ٹیم کو توانائی سے بھردے گا۔
لکھنئو میں موجودہ سیریز میں پہلے بلے بازی کو چیلنجنگ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت میدان مین موجود نمی کا فائدہ گیندباز کو مل رہا ہے جبکہ دن چڑھنے کے ساتھ وکٹ سپاٹ ہوجاتا ہے جس میں اسٹروک کھیلنا آسان ہوجاتا ہے۔