خواتین کو بہ اختیار بنانا اور عالمی سطح پر خواتین کی بہبود کے لیے کام کرنا ہے:نیتا امبانی
یواین آئی
نئی دہلی؍عالمی یوم خواتین کے موقع پر ریلائنس فائونڈیشن کی چیئرپرسن نیتا امبانی نے خصوصی طور پر خواتین کے لیے بنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہرسرکل کو لانچ کیا۔ یہ اپنی طرح کا پہلا ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد خواتین کو بہ اختیار بنانا اور عالمی سطح پر خواتین کی بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔ شراکت داری، نیٹ ورکنگ اور باہمی تعاون کے لیے ’ہر سرکل‘ پلیٹ فارم خواتین کو ایک محفوظ ذریعہ فراہم کرے گا۔ ’ہرسرکل‘ کو خواتین کی عالمی سطحی ڈیجیٹل گروپ کے بطور بنایا گیا ہے۔ اس کی شروعات ہندوستانی خواتین کے ساتھ ہوگی لیکن پوری دنیا کی خواتین کی شراکت داری کا راستہ بھی کھلا رہے گا۔ یہ ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو ہر عمر اور معاشی سماجی پس منظر والی خواتین کی بڑھتی ضرورتوں‘ ان کی امیدوں، عزائم اور خوابوں کو پورا کرے گا۔ اس موقع پر محترمہ امبانی نے کہا،’ جب خواتین‘ خواتین کا دھیان رکھتی ہیں تو نا قابل یقین چیزیں ہوتی ہیں۔ میں اپنی پوری زندگی مضبوط خواتین میں گھری رہی‘ جن سے میں نے رحم دلی، لچیلا پن اور شراکت داری اور بدلے میں وہی درس میں نے دوسروں کو دینے کی کوشش کی۔ میں 11 لڑکیوں کے گھر میں پلی بڑھی‘ جہاں مجھے خود پر یقین کرنا سکھایا گیا۔ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے غیر مشروط پیار اور یقین مجھے اپنی بیٹی ایشا سے ملا۔ اپنی بہو شلوکا سے میں نے ہمدردی اور صبر سیکھا۔ خواہ وہ ریلائنس فائونڈیشن میں میرے ساتھ کام کرنے والی خواتین ہوں یا قومی اور بین الاقوامی رہنما، ہمارے مشترکہ تجربات نے مجھے سکھایا ہے کہ ہماری جد و جہد اور جیت ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔