جوائننگ کے بعد استاد نے اسکول کا رخ نہ کیا ،طلباء منتظرکہ کب آئیں گے استاد محترم ؟؟
سرفرازقادری
مینڈھر؍؍سب ڈویژن مینڈھر میں محکمہ تعلیم کی لاپرواہی کی وجہ سے دن بدن تعلیم کا معیار گر رہا ہے اور زیرتعلیم طلاب کو پریشانیوں کا سامنارہتاہے جس کی وجہ سے سرحدی اور پسماندہ علاقہ جات کے زیر تعلیم بچوں کی زندگی برباد ہو رہی ہیں۔وہیںسب ڈویژن مینڈھر کے بلاک منکوٹ کی پنچایت بلنوئی کے پرائمری اسکول بچھیری بلنوئی میں 2015 میںتعینات ہونے والے آر ای ٹی ٹیچر منظور احمد اسکول میں جوائننگ ڈالی تھی لیکن آج چھ برس گزر گئے اور مذکورہ استاد اسکول واپس نہ آئے لیکن طلباء آج تک انتظار میں ہیں کہ کب آئیں گے استاد محترم ۔اس سلسلے میں پنچایت بلنوئی کے وارڈ نمبر آٹھ کی پنچ نازیہ چوہدری نے کہا کہ ہمارے اس اسکول میں تیس سے زائد طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں اور انکو پڑھانے کے لیے صرف ایک ہی ٹیچر ہے جبکہ دوسرا ٹیچر جوائننگ ڈالنے کے بعد آج پانچ سال ہوگئے اسکول نہیں آیا۔نازیہ نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ہم زیڈ ای او منکوٹ سے بھی ملے کہ ہمارے ٹیچر کو کہیں ڈھونڈ کر اسکول واپس بھیجا جائے لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ آج تک ہمارا ٹیچر اسکول واپس نہیں آیا۔نازیہ نے کہا کہ میں چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ سے اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتی ہوں کہ اس ٹیچر کو جلد از جلد حکم دیا جائے تاکہ وہ واپس اسکول میں حاضری دیں اور بچے تعلیم حاصل کرسکیں۔