لازوال ڈیسک
نئی دہلیخفیہ ایجنسی را کے سابق چیف کا کہنا ہے کہ مرحوم شجاعت بخاری نے کئی روز قبل اُن کی سیکورٹی بڑھانے کے ضمن میں وزیرا علیٰ کو تحریری طورپر آگاہ کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ مرحوم بات چیت کے حق میں تھے۔ایک انٹرویو کے دوران را کے سابق چیف اے ایس دلت نے انکشاف کیا کہ رائزنگ کشمیر کے مدیر اعلیٰ شجاعت بخاری نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کو کئی روز قبل ہی اُن کی سیکورٹی میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں آگاہ کیا تھا۔ دلت کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں کی تعداد میں اضافہ ہونے اور لوگوں میں عدم تحفظ پیدا ہونے کے باعث مرحوم نے سیکورٹی میں اضافہ کرنے کی مانگ کی تھی ۔ دلت کا کہنا ہے کہ شجاعت بخاری ہمیشہ بات چیت کے حق میں تھے کیونکہ وہ دور اندیش قلمکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ سابق را چیف کا مزید کہنا تھا کہ وہ غریبوں ، محتاجوں کیلئے اپنے آپ کو وقف رکھتے تھے اور اس سوچ میں تھے کہ کشمیر میں امن و امان قائم ہو تو ہر کوئی اپنی زندگی پُر امن طورپر گزار سکیں۔ سابق را چیف اے ایس دلت نے مزید کہا کہ شجاعت بخاری ایک بہت بڑے صحافی تھے تاہم بندوق برداروں نے اُسے بے دردی کے ساتھ قتل کیا ۔