کولگام میں فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک، دوسرا زخمی

0
0

یواین آئی
سری نگر جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کی شام فوج کی احتجاجی نوجوانوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوگیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کولگام کے آکھرن نوپورہ میں نوجوانوں کے ایک گروپ نے فوج کی 9 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی ایک گشتی پارٹی پر پتھراﺅ کیا۔ فوجیوں نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال اننت ناگ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کو مردہ قرار دیا۔ مہلوک نوجوانوں کی شناخت آکھرن کے رہنے والے اعجاز احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ گولی اعجاز کے سینے میں پیوست ہوئی تھی۔ اسپتال میں داخل کئے گئے زخمی نوجوان کی شناخت رئیس احمد کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق زخمی رئیس احمد کو خصوصی علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال (ایس ایم ایچ ایس) منتقل کیا گیا ہے۔ یہ وادی میں ایک ماہ تک جاری رہنے والے ’رمضان سیز فائر‘ کے خاتمے کے بعد کسی شہری کی ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔ 15 جون کو فوج نے ضلع پلوامہ کے نوپورہ پائین میں مبینہ طور پر مقامی لوگوں پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک جبکہ دو دیگر کو زخمی کردیاتھا۔ مہلوک نوجوان کی شناخت 24 سالہ وقاص احمد کی حیثیت سے کی گئی تھی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا