- ملک میں کوئی محفوظ محسوس نہیں کررہاہے :غلام نبی آزاد
یواین آئی - نئی دہلی؍؍کانگریس نے وزیراعظم نریندرمودی اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے صدر امت شاہ کی جوڑی کو ملک کے لئے نقصان دہ قراردیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے چار سال کے دوران کوئی بھی وعدہ پورانہ کرکے عوام کے ساتھ دھوکہ کیاہے ۔کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد،کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت کی مدت کارمیں ملک میں کوئی محفوظ محسوس نہیں کررہاہے ۔اس دوران خاص طور سے فوجی ٹھکانوں پر سب سے زیادہ حملے ہوئے ہیں اور سرحد پار سے سب سے زیادہ تین ہزار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کی چار سال کی مدت کار پوری ہونے کو پارٹی ملک بھر میں دھوکہ دہی کے دن کے طورپر منارہی ہے اور ریاستوں کی راجدھانیوں اور ضلع ہیڈکوارٹروں میں پارٹی رہنما پریس کانفرنس کرکے مودی حکومت کی خامیوں کا پردہ فاش کررہے ہیں ۔حکومت کی ناکامی پر پارٹی نے ‘وشواس گھات چارسالوں میں صرف بات ہی بات ‘کے عنوان سے ایک کتابچہ بھی جاری کیا ہے جس میں مختلف شعبوں میں اعدادوشمار کے ذریعہ حکومت کی ناکامیوں کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے ۔کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ مودی حکومت نے ان چار برسوں میں سبھی کا سکھ چین چھینا ہے اور چاروں طرف خوف ودہشت کا ماحول پیداکیاہے ۔بدعنوانی روکنے کے بارے میں بڑے بڑے دعوے کرنے والی بی جے پی حکومت کے چارسال میں بدعنوانی جم کر پھل پھول رہی ہے ،معیشت تباہ ہوگئی ہے ،کسان پریشان ہیں ،نوجوان روزگار کے لئے ترس رہے ہیں ،کاروباریوں کا کروبار ٹھپ ہوگیاہے ،مہنگائی آسمان چھورہی ہے لیکن وزیراعظم ان سب مسائل پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔مسٹر آزادنے کہا کہ قومی سلامتی کے نام پر بی جے پی کے سارے وعدے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں ۔اقتدارمیں آنے سے پہلے مسٹر مودی قومی سلامتی کے تعلق سے بڑی بڑی باتیں کرتے تھے لیکن چارسال حکومت چلانے کے بعد ثابت ہوگیاہے کہ قومی سلامتی کے نام پر ملک کو سب سے زیادہ نقصان ان چار برسوں میں ہی ہواہے ۔پاکستان فائرنگ میں سب سے زیادہ فوجی ،سلامتی دستہ کے جوان شہید ہوئے ،سب سے زیادہ شہر ی مارے گئے اور مویشیوں کو نقصان پہنچاہے ۔انھوں نے کہاکہ اس دوران سماجی تحفظ کی صورتحال سب سے زیادہ خراب ہوئی ہے ۔سماجی ماحول پراگندہ ہواہے اور نفرت پھیلانے کا کام ہوا۔ہرطرف خوف وہراس اور غیر یقینی کا ماحول ہے ۔آئے دن دلتوں اور آدیواسیوں کو کچلا جارہاہے خواتین کی توہین ہورہی ہے ۔بیٹی پڑھاؤ بیٹی بڑھاؤ کی بات کرنے والوں کے دورحکومت میں عصمت دری کے واقعات آئے دن پیش آرہے ہیں ۔مسٹر گہلوت نے مودی حکومت کے جملہ سرکار قراردیا اور کہاکہ وہاں ہربات پر اور ہردن جملے گھڑے جاتے ہیں ۔مودی سرکار نے پیلے یوگ کے تعلق سے شورمچایاتھا اور اب فٹنس کے تعلق سے نیاجملہ شروع کردیاگیا۔بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد کالادھن غیر ممالک سے واپس لانے کی بات کرتی تھی لیکن اس نے ملک کا سفید پیسہ ہی بیرون ملک بھیج دیا ہے ۔جن ریاستوں میں بی جے پی حکومت ہے وہاں بڑے پیمانہ پر بدعنوانی ہورہی ہے ۔