جموں/ سری نگر، 18 فروری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے کو سمیٹتے ہوئے 24 ممالک کے سفارتکاروں پر مشتمل وفد نے جمعرات کو سرمائی دارالحکومت جموں میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پنکج متھل کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقات کی۔
غیر ملکی سفارتکاروں کا یہ وفد بدھ کو سری نگر وارد ہوا تھا جہاں اس نے سخت حفاظتی بندوبست میں وسطی ضلع بڈگام کے قصبہ ماگام کا دورہ کیا تھا، درگاہ حضرت بل میں حاضری دی تھی نیز چنندہ سیاسی جماعتوں کے لیڈران، پنچایتی و بلدیاتی اداروں کے منتخب اراکین اور عوامی وفود سے ملاقاتیں کی تھیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سفارتکاروں کا وفد جو رات بھر سری نگر میں ہی قیام پذیر رہا، جمعرات کی صبح جموں روانہ ہوا جہاں اس نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جموں کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پنکج متھل کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔