حدمتارکہ پہ پھرکشیدگی

0
0

کپواڑہ اور پونچھ میں گولہ باری کا تبادلہ، ایک معمر خاتون اور ایک کمسن لڑکا زخمی
یواین آئی
سری نگر ؍جموں؍؍شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے ٹنگڈار سیکٹر جبکہ جموں خطہ کے ضلع پونچھ میں ایل او سی پر گذشتہ رات ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں ایک معمر خاتون اور کمسن لڑکے سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ پاکستان کی طرف سے گذشتہ رات دیر گئے ٹنگڈار سیکٹر میں بھارتی فوج کی چوکیوں اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ’پاکستانی فوجیوں کی طرف سے ہلکے اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے بھی سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں نور جہاں نامی ایک خاتون ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی جس کا ٹنگڈار اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ اس دوران مذکورہ خاتون کے بیٹے نے اسپتال میں نامہ نگاروں کو بتایا ’پاکستان کی طرف سے شدید فائرنگ کا آغاز رات کے دس بجے ہوا۔ میری ماں ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی جس کے بعد ہم نے اس کو فوری طور پر ٹنگڈار اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں نے بہت کوششوں کے بعد ٹانگ سے گولی باہر نکالی۔ اب اس کا یہاں علاج چل رہا ہے‘۔ دریں اثنا جموں خطہ کے پونچھ سیکٹر میں ایل او سی پر گذشتہ رات جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعہ میں ایک 14 سالہ کمسن لڑکا محمد صغیر زخمی ہوا۔ محمد صغیر جس کی ٹانگ پر زخم آئے ہیں،کو پونچھ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مذکورہ لڑکے نے اسپتال میں نامہ نگاروں کو بتایا ’گذشتہ رات ہمارے علاقہ میں شدید گولہ باری ہوئی۔ اس دوران ایک شیل ہمارے مکان پر گرا جس کے نتیجے میں ہمارے کچن کو نقصان پہنچا۔ اس کے ملبے تلے آنے کی وجہ سے میری ٹانگ زخمی ہوئی‘۔ زخمی لڑکے والد نے کہا ’گولہ باری کا آغاز شام کے چھ بجے ہوا۔ کچن گرنے کی وجہ سے میرا بیٹا زخمی ہوا۔ اس کے فوجیوں نے اسپتال پہنچایا‘۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1999 ء کے تنازعے کے بعد سنہ 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔ تاہم جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود سرحدوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا