لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) ، صدر جے کے ڈبلیو پی اور دیگر وفودنے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) چھے ممبران کے وفد نے اس کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ کی قیادت میں لیفٹیننٹ گورنر کو جموں و کشمیر میں رہائش پذیر سکھ برادری کو درپیش مختلف امور سے آگاہ کیا اور اپیل کی ان امور پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وفد نے اقلیتی برادریوں کے مفادات کیلئے قومی کمیشن برائے اقلیتی ایکٹ میں جموں و کشمیر میں توسیع اور سکھ نوجوانوں کے لئے خصوصی ملازمت پیکیج کی مانگ کی۔اسی طرح سیاسی کارکن اور صدر جموں و کشمیر ورکرس پارٹی (جے کے ڈبلیو پی) میر جنید نے بھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاسے ملاقات کی اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف اہم سیاسی اور ترقیاتی اموراُجاگر کئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کا جائزہ لے کر ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوٹی انتظامیہ بلاامتیاز سماج طبقوں کی یکسان ترقی اور فلا ح و بہبود کے لئے پُرعزم ہے ۔انہوں نے وفود کے ارکان کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کام جاری رکھنے کے لئے کہا۔ دریں اثنا پانپور علاقے کی ایک طالبہ آیت نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور طالب علموں کے درپیش امور سے انہیں آگا ہ کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں یقین دلایا کہ طالبوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔