3آئی اے ایس افسرجے کے کیڈرمیں شامل ۰ اطہر عامر الشفیع خان،بشارت قیوم اور اکشے لابرئو شامل
جے کے این ایس
سرینگر؍؍مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں بیورئو کریٹوںکی کمی کوپورا کرنے کیلئے 3آئی اے ایس افسروں کوجے کے کیڈرمیں شامل کیا ہے ،جن میں اطہر عامر الشفیع خان،بشارت قیوم اور اکشے لابرو شامل ہیں۔یہ تینوں آئی اے ایس افسروں کو جموں وکشمیر میں تین سال کیلئے خدمات انجام دینے کیلئے بھیجا گیاہے ۔حکومت ہند کی کابینہ کی وزارت برائے عملہ، عوامی شکایات اور پنشن محکمہ کے عملے اور تربیت کی تقرری کمیٹی کے سیکرٹریٹ نے باضابطہ حکم نامہ جاری کیا ،جسکے تحت ۔اطہر عامر الشفیع خان،بشارت قیوم اور اکشے لابرئو کوجموں وکشمیر کیڈرمیں منتقل کیاگیاہے ۔حکمنامے میں لکھا گیا ہے کہ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے اطہر عامر الشفیع خان، آئی اے ایس کی انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن، راجستھان کیڈر سے لے کر مرکزی علاقہ جموں و کشمیر کیلئے تین سال کی مدت کیلئے ڈی او پی ٹی کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر تنظیم نو قانون 2019 کے تحت آئی اے ایس اور آئی پی ایس کا جموں و کشمیر کیڈر کالعدم قرار دیا ہے اور اسکی جگہ جموں و کشمیر اور لداخ کی یونین ٹریٹریز کو اے جی ایم یو ٹی کیڈر کا حصہ بنایا ہے۔جموں و کشمیر میں کوئی خالی جگہ نہ ہونے پر اطہر عامر الشفیع خان کو راجستھان کیڈر دیا گیا تھا۔اظہرخان کا تعلق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے دیوی پورہ ، مٹن گاؤں سے ہے،اورانہوں نے سال2015کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس )امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اوراُنھیں راجستھان میں تعینات کیاگیاتھا،تاہم اب وہ پہلی بار اپنی آبائی(سابق ریاست )جموں وکشمیر میں خدمات انجام دیں گے ۔اطہر کے علاوہ بشارت قیوم (آئی اے ایس) کو بھی جھارکھنڈ کیڈر سے جموں کشمیر کیڈر میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ تریپورہ کیڈر کے ایک اور آئی اے ایس اکشے لابرو کو بھی جموں کشمیر کے لئے تین سال کی مدت کے لئے دیا گیا ہے۔خیال رہے بشارت قیوم کاتعلق بھی کشمیروادی سے ہے اوروہ وسطی ضلع گاندربل کے سترینہ کنگن گائوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔بشارت قیوم نے سال 2016کے آئی اے ایس امتحان میں راجستھان کیڈرکے تحت کامیابی پائی تھی ۔بشارت قیوم نے پہلے ایم بی بی ایس کیاتھا تاہم انکی خواہش تھی کہ وہ سیول سروسزکاامتحان پاس کرکے عوام کی خدمت کریں ،اورموصوف کایہ خواب سال2016میں پورا ہوگیاتاہم انھیں پہلی بار اپنی آبائی (سابق ریاست )جموں وکشمیر میں خدمات انجام دینے کاموقعہ ملا ہے ۔آئی اے ایس افسراکشے لابرئو کاتعلق جموں صوبہ سے ہے اورانہوں نے سال2018کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس )امتحان میںکامیابی پائی تھی ،اوراکشے لابرئو بھی پہلی بار اپنی آبائی (سابق ریاست )جموں وکشمیر میں خدمات انجام دیں گے ۔