سرحدوں پر دونوں ممالک طاقت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو اس کا خمیازہ سرحدی عوام کو کافی بھگتنا پڑتا ہے ۔دہائیوں سے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی جاری ہے اور چند برسوں سے سرحدوں پر کشیدگی میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔جہاں سرحدی کشیدگی سے سرحدی عوا م کو جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔سرحدی عوام کے پاس پڑوسی ملک کی جانب سے کی جانے والی گولہ باری کے دوران جان بچانے کیلئے پختہ انتظامات نہیں ہیں ۔اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مرکزی حکومت کی جانب ے سرحدی علاقہ جات میں بنکروں کی تعمیر کی جا رہی ہے ۔خوف کے سائے میں جی رہی اس عوام کیلئے جتنی بھی سہولیات میسر کی جائیں تو کم ہیں کیونکہ یہ عوام دور دراز اور پسماندہ علاقہ جات میںاپنی زندگی کے ایام گزار رہی ہے جہاں سڑک جیسی بنیادی سہولت بھی میسر نہیں ہوتی ،ایسے میں پڑوسی ملک کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کسی مصیبت سے کم نہیں ہوتی ۔دونوں ممالک کے مابین جاری کشیدگی کی وجہ سے سرحدی عوام کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے اور عوام حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ سرحدی علاقہ جات میں جاری بنکروں کے پروجیکٹ میں سرعت لائی جائے تاکہ دونوں ممالک کے مابین جاری کشیدگی کے چلتے عوام محفوظ مقامات پر اپنی جانوں کو بچا سکے۔جموں وکشمیر کے سرحدی علاقہ جات میں پڑوسی ملک کے کرتوتوں کی وجہ سے سرحدی عوام خوف کے سائے میں ہے جہاں روز بروز حد متارکہ پر جاری گولہ بار سے قیمتی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے ۔حالیہ برسوں میں پڑوسی ملک کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے واقعات سے سرحدی عوام کو دلوں میں خوف گھر کر گیا ہے اور عوام حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ سرحدی مکینوں کو محفوظ مقامات پر پانچ مرلہ پلاٹ دئے جائیں تاکہ ایسی صورتحال میں عوام اپنی جان و مال کا تحفظ کر سکے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے سرحدی عوام کیلئے بنکروں کا ایک منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت سرحدی علاقہ جات کی عوام کیلئے انفرادی اور مجموعی بنکر تعمیر کئے جا رہے ہیں تاکہ سیز فائر کی خلاف ورزی کے دوران عوام کا تحفظ ہو سکے ۔بنکروں کے تعمیری پروجیکٹ میں کئی لوگ ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان میں سیاسی مداخلت کی شکایات بھی کر رہے ہیں اور ہر آئے روز سرحدوں پر عام شہریوں کی جانیں جا رہی ہیں اور پڑوسی ملک کی جانب سے رہائشی علاقہ جات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقہ جات میں بنکروں کی تعمیر میں سرعت لائی جائے اور ہر سرحدی باشندے کے تحفظ کیلئے انتظامات کئے جائیں ۔