چلہ کلان کے آخری ایام میں بھی سردیوں کا زور برابر جاری

0
0

31 جنوری سے موسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے
یواین آئی

سرینگر؍؍وادی کشمیر میں سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ ’‘چلہ کلان‘ اپنے آخری ایام کے دوران بھی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کے باعث اہلیان وادی کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 30 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم 31 جنوری سے موسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں اگرچہ گذشتہ شب کے کم سے کم درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہوئی تاہم وادی کے باقی حصوں میں سردیوں کا زور برابر جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بتادیں کہ سری نگر میں 14 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب شبانہ درجہ حرارت منفی 8.4 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔دریں اثنا وادی کشمیر میں بدھ کی صبح موسم خشک رہا اور سہہ پہر کے بعد ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی لیکن ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں سے لوگوں کو در پیش مشکلات برابر جاری ہیں۔وادی میں ٹھٹھرتی سردیوں سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں صبح دیر سے شروع ہوکر دن ڈھلنے سے قبل ہی بند ہوجاتی ہیں اور اس کے علاوہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی صبح کے وقت ذرا دیر سے ہی نمودار ہونے لگتی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ چلہ کلان نے امسال برسوں بعد اپنے طاقت کا مظاہرہ کیا اور لوگوں میں زمانہ قدیم کی یادیں تازہ کر دیں۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی حکومت ہفتے کے روز اختتام پذہر ہوگی اور اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا تاہم چلہ خورد میں سردیوں کے زور میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا