زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام منتخب ڈی ڈی سی اراکین کے ذریعے ہی کرائے جائیں گے : لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات اس خطے کی تاریخ کے پہلے ایسے انتخابات گزرے ہیں جن کے دوران خون کا ایک قطرہ بھی زمین پر نہیں گرا۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے دور دراز علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام منتخب ڈی ڈی سی اراکین کے ذریعے ہی کرائے جائیں گے اور ان نمائندوں کو تمام ممکنہ اختیارات دیے جائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ باتیں پیر کے روز یہاں ’نیشنل ووٹرس ڈے‘ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔قومی یوم رائے دہندگان کی تقریبات آج جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر نے ریل ہیڈ کمپلیکس جموں میں نرواچن بھون کا افتتاح کیا اور وہاں موجود افسران اور ملازمین کو قومی یومِ رائے دہندگان کا عہد دلایا ۔ افسران کی انتخابی عمل میں بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ افسران نے جموں کشمیر میں کامیاب انتخابی عمل کے انعقاد میں کافی اہم رول ادا کیا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے رائے دہندگان کو اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال سے متعلق ضروری جانکاری دینا نہایت ہی اہم ہے ۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں حال ہی میں ڈی ڈی سی انتخابات منعقد کرائے گئے۔ مجھے لگتا ہے کہ ان انتخابات کے دوران خون کا ایک قطرہ بھی زمین پر نہیں گرا۔ ایک لمبے وقت کے بعد جموں و کشمیر میں تشدد سے پاک اور صاف و شفاف انتخابات ہوئے’۔انہوں نے کہا: ‘اس کے لئے یونین ٹریٹری کے چیف الیکٹورل افسر اور انتظامیہ کے دیگر عہدیدار و اہلکار مبارکبادی کے مستحق ہیں۔ اس سے زیادہ مبارکباد مں یہاں کے عام ووٹروں کو دینا چاہتا ہوں جنہوں نے جمہوری عمل میں اپنی گہری دلچسپی دکھائی’۔منوج سنہا نے منتخب ڈی ڈی سی اراکین کو اختیارات تفویض کرنے پر بات کرتے ہوئے کہا: ‘آنے والے دنوں میں ڈی ڈی سی اراکین کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔ ہم ان منتخب نمائندوں کو بھروسہ دلانا چاہتے ہیں کہ ہمارا ارادہ بالکل واضح ہے’۔انہوں نے کہا: ‘جس طرح سے 73 ویں اور 74 ویں آئینی ترامیم کے ذریعے ہم نے پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دیے ہیں ویسے ہی ترقیاتی کاموں کو منتخب نمائندوں کے ذریعے کرایا جائے گا’۔لیفٹیننٹ گورنر نے امریکہ کا نام لئے بغیر کہا: ‘ایک ملک، جس کا میں نام نہیں لوں گا، کے انتخابی نتائج سامنے آنے میں ایک ہفتہ سے زیادہ وقت لگا۔ اخباروں میں اس کی خوب چرچا ہوئی کہ کس طرح بھارت نے اس مسئلے کا حل دو دہائی پہلے ہی ڈھونڈ نکالا ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘انتخابی نظام کو جس طرح سے بھارت نے رائج کیا ہے اس پر ہر بھارتی شہری کو فخر ہے۔ انتخابی کمیشن ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر رہا ہے۔ صاف و شفاف انتخابات کرانے میں اب ہم دوسرے ملکوں کی بھی مدد کر رہے ہیں’۔ یومِ رائے دہندگان اہل رائے دہندگان کو اُن کی انتخابی عمل میں شرکت کی ذمہ داری کی یاددہانی کرانا ہے تا کہ جمہوری نظام مستحکم ہو سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے انتخابی مشنری کو الیکشن کمیشن کے یومِ تاسیس کی تقریبات کے موقعہ پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے قومی یومِ رائے دہندگان کی تقریبات میں حصہ لینے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کیلئے طاقت قرار دیا ۔ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر کے رائے دہندگان کو جانکاری دینے پر زور دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ امسال قومی یومِ رائے دہندگان کا مرکزی خیال ’’ رائے دہندگان کو بااختیار، چوکس، محفوظ ،مطلع رکھنا ہے ‘‘ ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر کے عوام بالخصوص پہلی مرتبہ اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کرنے والوں ، جموں اینڈ کشمیر الیکشن کمیشن ، حفاظتی دستوں ، ڈیوٹی پر تعینات افسران ، ملازمین کو کامیاب پُر امن آزادانہ و غیر جانبدارانہ ڈی ڈی سی ، پنچائت اور میونسپل اداروں کے انتخابات کیلئے مبارکباد دی ۔ سہ سطحی پنچائتی راج نظام کو ترقی کا انجن قرار دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی میں پہلی مرتبہ سہ سطحی پنچائتی راج نظام کے قیام سے ترقی کی رفتار میں سرعت آئی ہے ۔ جس سے جموں کشمیر کیلئے ترقی کی ایک راہ ہموار ہوئی ہے ۔ جموں کشمیر کے منتخب نمائندگان نے جموں کشمیر کی حکومت کی کوششوں ، سکیموں اور منصوبوں سے جموں کشمیر کے ہر گھر کی فلاح و بہبود کیلئے راہ ہموار ہو گی اور یو ٹی ترقی کی نئی اونچائیوں تک پہنچے گی ۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا ذکر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حقِ رائے دہی جمہوریت کا ستون ہے اور اگر کسی کو اس حق سے محروم رکھا جائے تو وہ جمہوریت کی نفی ہو گی ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قومی یومِ رائے دہندگان منانے کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے حال ہی میں منعقدہ ڈی ڈی سی انتخابات کو جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک سنگِ میل قرار دیا اور الیکشن کمیشن اور انتخابات کے کامیاب انعقاد میں شامل دیگر اداروں کو سراہا ۔ اس موقعہ پر چیف الیکٹورل افسر جے اینڈ کے ہردیش کمار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما ، مئیر جے ایم سی چندر موہن گپتا ، چیف سیکرٹری ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، صوبائی کمشنر جموں ، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان ، سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ، یو تی کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنران نے تقریب میں بذریعہ ورچول طریقہ کار شرکت کی ۔