نوجوان ٹریفک قوانین کی پاسداری کر کے اپنی جان کا تحفظ کریں :عبدالاحد بٹ
ظہیر عباس/حیدر بانڈے
منڈی//سیول سوسائٹی منڈی کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں انھوں نے آئے روز ہو رہے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کر کے اپنی جانوں کا تحفظ کرنے کی تلقین کی – کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیول سوسائٹی کے صدر غلام عباس نے اے آر ٹی او پونچھ عبدالرحیم میر کی سراہنا کی اور کہا کہ ان کی جانب سے ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی کیمپ کا بارہا انعقاد کیا گیا تاکہ عوام اس سلسلہ میں باخبر ہو اور اپنی جان کا تحفظ کر سکے لیکن یہ صرف انتظامیہ کی ذمّہ داری نہیں ہے بلکہ سماج کا ہر شخص اس حوالے سے ذمّہ دار ہے اور انہیں چاہیے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کی جائے – انھوں نے کہا کہ اسکول میں صبح کی اسمبلی میں بھی بچوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہ کیا جانا چاہیے اور ان کی پاسداری نہ کرنے کے نقصانات سے بھی باخبر کرنا چاہیے – سوسائٹی کے نائب صدر عبدالاحد بٹ نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اور خصوصاً نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کر کے اپنی جان کا تحفظ کریں – انھوں نے کہا کہ آئے روز ریاست اور خاص طور پر ضلع کے مختلف علاقہ جات سے حادثات کی خبریں موصول ہوتی ہیں جن کو سننے کے بعد دل دہل جاتا ہے – انھوں نے بھی عوام سے اپیل کی کہ گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال نہ کریں اور باقی تمام احتیاط برتیں تاکہ کسی قسم کا حادثہ یا نقصان نہ ہو – سماجی کارکن راجوری پونچھ مولوی محمد فرید نے بھی اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹریفک قوانین کو جان کر اس پر عمل کیا جائے تو اس قسم کے حادثات رونما نہیں ہونگے لیکن دیکھا یہ جا رہا ہے کہ لوگ قوانین کو بالائے تاک رکھ کر اپنی من مانی کر رہے ہیں – انھوں نے اے آر ٹی او پونچھ اور ٹریفک ایس ایس پی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اورلوڈ گاڑیوں پر روک لگائی جائے اور باقی ہر طرح کے غیر قانونی عمل کو روکا جائے تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی حادثہ رونما نہ ہو ۔