نئی دہلی //ملک میں کووڈ۔19 کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے آغاز کے پہلے تین دنوں میں پونے چار لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں موصولہ اطلاعات کے مطابق ترجیحی گروپ میں شامل اب تک 3.81 لاکھ سے زیادہ افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ کورونا کے ٹیکہ لگنے کے بعد اب تک 580 افراد میں برے اثرات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ دو لوگوں کو ویکسین کے ڈوز دیئے جانے کے بعد دل سے متعلق بیماری کی وجہ سے موت ہوگئی۔
مراد آباد میں 52 سالہ شخص اور کرناٹک میں ایک 42 سالہ شخص کی موت ہوگئی حالانکہ ویکسین سے ہونے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کووڈ۔ 19 ویکسین تیار کرنے کے لئے سائنسی برادری کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی صلاحیت اور کارکردگی کی مثال کے طور پر پیش کیاتھا۔
حکومت نے آکسفورڈ آسٹرا جینیکا کی کوویشیلڈ اور انڈین بائیوٹیک کے کوویکسین کو منظوری دی ہے۔