رشبھ پنت کی شاندار بلے بازی ،بین آف دی میچ قرار دیئے گئے
لازوال ویب ڈیسک
نئی دہلی؍؍اجنکیا رہانے کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا میں تاریخ رقم کردی ہے۔ ہندوستان نے چوتھے اور آخری ٹسٹ میں میزبان آسٹریلیا کو تین وکٹ سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار آسٹریلیا میں بارڈر – گواسکر ٹرافی پر قبضہ کرلیا۔ شبھمن گل، چتیشور پجارا کے بعد رشبھ پنت کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے چوتھا ٹسٹ جیتا۔ شبھمن گل نے 91، چتیشور پجارا نے 56 رن اور رشبھ پنت نے ناٹ آوٹ 89 رن بنائے۔ میزبان آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 369 رن بنائے تھے، جواب میں ٹیم انڈیا پہلی اننگ میں 336 رن ہی بنا پائی۔ اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے دوسری اننگ میں میزبان پر لگام کس کے رکھا اور 294 رن پر آل آوٹ کردیا۔
اس طرح سے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم ہندوستان کو جیت کے لئے 328 رنوں کا ہدف دے پائی، جسے ہندوستان نے آسانی سے حاصل کرلیا۔سلامی بلے باز شبھمن گل اپنے میڈن ٹسٹ سے چوک گئے، لیکن ان کی شاندار نصف سنچری اننگ سے ہندوستان نے ٹی بریک تک تین وکٹ پر 183رن بناکر میزبان پر دباو بنا لیا تھا۔ ہندوستان نے دوسرے سیشن میں ان کے علاوہ کپتان اجنکیا رہانے (24 رن) کا وکٹ بھی گنوایا۔ اس کے بعد چتیشور پجارا نے رشبھ پنت کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا۔ روہت شرما (7 رن) کے صبح جلدی آوٹ ہونے کے بعد شبھمن گل اور چتیشور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لئے 114 رنوں کی شراکت کی۔اس 21 سالہ بلے باز نے آسانی سے کٹ اور ڈرائیو شاٹ لگائے اور کچھ شارٹ پچ گیندوں پر خوبصورت پُل شاٹ بھی لگائے۔ انہوں نے اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد مچیل اسٹارک کے باونسر کو بیک ورڈ پوائنٹ پر 6 رن کے لئے بھی بھیجا۔ شبھمن گل نے ناتھن لائن کی آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند کو ڈرائیو کرنے کی کوشش میں سلپ میں اسٹیو اسمتھ کو کیچ دے دیا۔ شبھمن گل نے 146 گیندیں کھلیں اور 8 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے بعد اجنکیا رہانے آسٹریلیائی گیند باز کمنس کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔