ٹیکہ کاری سے دنیا میں مہلک بیماریاں قابو میں پائی گئی ہیں : ڈاکٹر قاضی ہارون
یواین آئی
سرینگر؍؍سٹیٹ ایمونائزیشن افسر ڈاکٹر قاضی ہارون کا کہنا ہے کہ ٹیکہ کاری سے دنیا میں مہلک بیماریاں قابو میں پائی گئی ہیں لہٰذا کورونا مخالف ٹیکہ لگانے کے لئے لوگوں کو آگے آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیکہ کاری مہم کے پہلے مرحلے کے لئے جموں وکشمیر میں 40 سینٹر قائم کئے گئے ہیں جن میں سے کشمیر میں 20 اور جموں میں 20 سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔موصوف نے یہ باتیں ہفتے کے روز یہاں شیر کشمیر انسٹی چیوٹ ا?ف میڈیکل سائنسز صورہ میں منعقدہ ٹیکہ کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو کہیں۔انہوں نے کہا: ’ٹیکہ کاری سے دنیا میں کئی امراض پر قابو پالیا گیا ہے اور چیچک، پولیو جیسی مہلک بیماریوں سے نجات پایا جا رہا ہے لہٰذا کورونا مخالف ٹیکہ بھی انتہائی اہم ہے‘۔موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ تمام لوگوں کو یہ ٹیکہ لگانے کے لئے آگے آنا چاہئے تاکہ اس مرض کو قابو میں کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز جموں وکشمیر میں ٹیکہ کاری کے لئے کل 40 سینٹر قائم کئے گئے ہیں جن میں سے کشمیر میں 20 اور جموں میں 20 سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر قاضی نے کہا کہ ہفتے کے روز چالیس سینٹروں میں چار ہزار ورکروں کو ویکیسن دئے جائیں گے۔بتادیں کہ سکمز صورہ سری نگر میں منعقدہ اس ٹیکہ کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر آر آر بھٹناگر اور ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری بھی موجود تھے۔تقریب کا آغاز ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے ایک صفائی کرنے والے کو ٹیکہ لگا کر کیا۔