ڈی ڈی سی ممبران ندیم شریف نیاز اور محمد اقبال کوہلی کو عوام نے مبارک باد پیش کی
محمد اسحٰق عارف
اخیار پور//بھلیسہ کانگریس کی طرف سے ہفتے کے روز ہیلی پیڈ گندو میں پارٹی کے نومنتخب ڈی ڈی سی ممبران ندیم شریف نیاز اور محمد اقبال کوہلی کے اعزاز میں ایک استقبالیہ اور مرحوم علی محمد چوہدری کی یاد میں ایک تعزیتی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔تقریب کے دوران حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر دونوں کونسلر صاحبان کومبارک باد پیش کی گئی اور مرحوم لیڈر چوہدری علی محمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی گئی۔ تقریب میں آئیندہ ترقیاتی ایجنڈے پر بحث مباحثہ اور آپسی تبادلہ خیالات بھی عمل میں لایا گیا اور جو توقعات لوگوں نے نو منتخب کونسلروں سے وابستہ کر رکھی ہیں مختلف مقررین نے تفصیل سے اْس پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر پارٹی کے کانگریس پارٹی کے بلاک صدر بھلیسہ اوم پرکاش پریہار، چیئر مین محمد عباس راتھر، جکیاس بلاک کے صدر یونس رشید ملک، یاسر خان، شیر محمد سرپنچ، رام سنگھ سرپنچ، عشرت علی سرپنچ، دانش ملک سرپنچ اور ذاکر راتھر کے علاوہ پارٹی کے متعدد دیگر سینئر کارکنان اور بھاری تعداد میں عام لوگ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے متعدد علاقائی مسائل کواْجاگر کرتے ہوئے کونسلر حضرات پر زور دیا کہ وہ ان مسائل کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر کے ترجیحی بنیادوں پر ان کا ازالہ کروانے کی کوشش کریں۔اس موقع پر ندیم شریف اور محمد اقبال کوہلی نے اپنے اپنے خطاب میں لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ اْنہوں نے اپنا اعتماد دے کر اْنہیں منتخب کیا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ وہ بھلیسہ کی ہمہ گیر ترقی اور یہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کروانے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور اربابِ اقتدار تک یہاں کے لوگوں کی آواز پہنچانے کے لئے ہر اْس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے رہیں گے جو اْنہیں فراہم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جو بھی اختیارات بھی اْنہیں دئیے جائیں گے وہ پورے انصاف کے ساتھ اْن کا استعمال کرتے ہوئے اپنے لوگوں کی بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر مقررین نیمرحوم علی محمد چوہدری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اْنہیں ایک نڈر اور بے باک لیڈر قرار دیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی یہاں کی غریب عوام کے مسائل کو اْجاگر کرنے اور اْن کا ازالہ کروانے میں گذار دی۔مقررین نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے تئیں مرحوم کی خدمات ناقابلِ فراموش رہی ہیں اور وہ بھلیسہ کانگریس کے ایک ستون کی حیثیت رکھتے تھے۔ اْنہوں نے کہا کہ مرحوم کی موت سے بھلیسہ کانگریس میں ایک ایسا خلائ پیدا ہوا ہے جس کا پر ہونا بہت مشکل ہے۔اْنہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبرِ جمیل کی دْعا کی۔