منظور شدہ پروجیکٹوں میں پرگوال جموں میں دریائے چناب پر 2000 میٹر طویل پُل بھی شامل ہے
’’بڑے پیمانے کے پروجیکٹوں میں پرگوال جموں میں 2 ہزار میٹر طویل پُل( 206.90 کروڑ )، کٹھوعہ میں دریائے اوجھ پر 445 میٹر طویل پُل ( 45.54 کروڑ روپے) ، راجوری میں کوٹرانکا خواس سڑک کی توسیع پر 76.20 کروڑ روپے اور اودھمپور گھورڈی سڑک کی توسیع پر 40.44 کروڑ روپے صرف کئے جا رہے ہیں ‘‘
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍فائنانشل کمشنر خزانہ ڈاکٹر ارون کمار مہتہ نے آج 12ویں اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ جس میں جے اینڈ کے انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن ( جے کے آئی ڈی ایف سی ) نے 83 سڑک پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے 1010.55 کروڑ روپے کی رقم فراہم کرنے کیلئے رضا مندی ظاہر کی ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری تعمیراتِ عامہ ، سیکرٹری امور نوجوان و کھیل کود ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے کے آئی ڈی ایف سی ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ ، سیکرٹری سپورٹس کونسل ، ڈائریکٹر فائنانس جے کے آئی ڈی ایف سی ، جنرل منیجر جے کے آئی ڈی ایف سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔ مہتہ جو کہ کارپوریشن کے سی ایم ڈی بھی ہیں ، نے متعلقہ محکموں کو پروجیکٹوں کو جے کے آئی ڈی ایف سی کی جانب سے رقومات فراہم کرنے سے قبل تمام لازمی کاروائی عمل میں لانے کیلئے کہا ۔ ڈاکٹر مہتہ نے افسروں کو جے کے آئی ڈی ایف سی کی جانب سے چند پروجیکٹوں کیلئے سرمایہ فراہم نہ کرنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے آئندہ منعقد ہونے والی اعلیٰ اختیار والی کمیٹی میٹنگوں میں ایک بار پھر ان پروجیکٹوں کو پیش کرنے کیلئے تیار رہنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب پروجیکٹ عوامی افادیت کے حامل ہیں اس لئے یہ لازمی ہے کہ اُن وجوہات کا سبب تلاش کیا جائے جن کے سبب سے یہ تاخیر کا شکار ہوئے ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ تمام محکموں کو عوامی اہمیت کے حامل التوا میں پڑے پروجیکٹوں کو پیش کرنے کیلئے کہا گیا ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ بڑے پیمانے کے پروجیکٹوں میں پرگوال جموں میں 2 ہزار میٹر طویل پُل( 206.90 کروڑ )، کٹھوعہ میں دریائے اوجھ پر 445 میٹر طویل پُل ( 45.54 کروڑ روپے) ، راجوری میں کوٹرانکا خواس سڑک کی توسیع پر 76.20 کروڑ روپے اور اودھمپور گھورڈی سڑک کی توسیع پر 40.44 کروڑ روپے صرف کئے جا رہے ہیں اس کے ساتھ ہی دیگر سڑک اور پُل پروجیکٹوں کیلئے بھی جے کے آئی ڈی ایف سی رقومات فراہم کرے گی ۔ واضح رہے کہ کارپوریشن کی جانب سے جن پروجیکٹوں کیلئے رقومات فراہم کی جا رہی ہے اس سے جموں کشمیر کے ترقیاتی منظر نامے میں ایک انقلابی تبدیلی آئے گی ۔