یواین آئی
سرینگر؍؍وادی کشمیر میں بدھ کو بھاری برف باری کے نتیجے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک سب انسپکٹر سمیت دو افراد کی موت واقع ہوئی۔گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقے حضرت بل میں نیشنل کانفرنس کے سابق ممبر اسمبلی سعید محمد آخون کے گھر کے صحن میں قائم ایک عارضی شیڈ گرنے سے ایک سی آر پی ایف سب انسپکٹر کی موت واقع ہوئی ہے۔شمالی ضلع کپواڑہ کے ترہگام میں ایک معمر خاتون اپنے مکان کی چھت سے اچانک گرنے والی برف کی زد میں آ کر جاں بحق ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر کے حضرت بل علاقے میں نیشنل کانفرنس کے سابق ممبر اسمبلی سعید محمد آخون کے گھر کے صحن میں قائم ایک عارضی شیڈ بدھ کی صبح شدید برف باری کی وجہ سے منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف 115 بٹالین کے سب انسپکٹر ایچ سی مرمو شدید طور پر زخمی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ زخمی سی آر پی ایف سب انسپکٹر کو سب ضلع ہسپتال حضرت بل سے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ کے ترہگام میں ایک معمر خاتون رانی بیگم زوجہ محمد سبحان ملک مکان کی چھت سے اچانک گرنے والی برف کی زد میں آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ معمر خاتون کو اپنے اہل خانہ اور پڑوسیوں نے فوراً نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دے دیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی میں بھاری برف باری کے نتیجے میں درجنوں رہائشی ڈھانچے زمین بوس ہوئے ہیں یا ان کو نقصان پہنچا ہے۔