کہاسوشل میڈیا گروپ کے ایڈمن کو ڈسٹرکٹ انفارمیشن سینٹر میں پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دیناحیران کن
محمد اسحٰق عارفؔ
اخیا رپور؍؍آل انڈیا رپورٹرس ایسوسی ایشن کے چیئرمین برائے جموں و کشمیر حق نواز نہرو نے سوشیل میڈیا گروپ ’پکار نیوز ‘ کی طرف سے اپنی سالانہ تقریب ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ڈوڈہ کی صدارت میں ضلع اطلاعاتی مرکز ڈوڈہ میں اپنی سالانہ تقریب کے انعقاد پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کس طرح سے ایک سوشیل میڈیا گروپ کے ایڈمن کو ڈسٹرکٹ انفارمیشن سینٹر میں پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دی گئی اور کیوں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ڈوڈہ غیر معیاری صحافت کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں اُنہوں نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات غیر معیاری اور غیر ذمہ دارنہ صحافت کو فروغ دینے میں بھلا کیسے حصہ لے سکتا ہے اور کس اصول کے تحت وہ اپنے دفتر کو اس قسم کے پروگراموں کے انعقاد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ اس قسم کے اقدامات ذمہ دارانہ اور پیشہ وارانہ صحافت کے ساتھ ایک مذاق ہیں جس کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’پکار نیوز‘ نام کا نام نہاد گروپ محض ایک سوشیل میڈیا گروپ ہے جسے ایک رہبرِ تعلیم ٹیچر چلا رہا ہے اور اس تقریب کے انعقاد کااشتہار بھی سوشیل میڈیا پر مشتہر کیا گیا تھا۔اُنہوں نے کہا ہے کہ یہ معاملہ صحافتی برادری اور ایک عام انسان کے لئے باعث تشویش ہے کہ ضلع ڈوڈہ میں سوشیل میڈیا نیوزگروپس کا جو سیلاب آیا ہوا ہے محکمہ اطلاعات اور اُن کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ کچھ لیڈر حضرات بھی سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے اس قسم کے نیوز گروپس کو بھرپور تعاون فراہم کر کے گھٹیا اور غیر معیاری صحافت کو فروغ دے رہے ہیں جس کے خطر ناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا ہے کہ معلوم ہوا ہے کہ گروپ کی طرف سے انتظامیہ کے کچھ سینئرآفیسران کو اُن کی ہمدردی اور تعاون حاصل کرنے کے لئے نام نہاد اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے جو اور بھی زیادہ باعثِ تشویش بات ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ بطورِ چیئرمین آل انڈیا رپورٹرس ایسوسی ایشن جموں وکشمیر اُنہوں نے یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کے ساتھ اُٹھایا ہے اور تحریری طور ایک شکایت بھی دائر کی ہے جنہوں نے ڈی آئی او ڈوڈہ سے جواب طلب کیا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق اُنہوں نے ڈائریکٹر انفارمیشن جموں سے بھی درخواست کی ہے کہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جانی چاہیے اور غیر معیار ی اور غیر ذمہ دارانہ صحافت کو جو لوگ فروغ دے رہے ہیں اُن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔