شوپیان 2کے کامیاب آزاد ڈی ڈی سی ممبران کا نیشنل کانفرنس کو حمایت دینے کا اعلان
کے این ایس
سرینگر؍؍حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں شوپیان2 سے بحیثیت آزاد اُمیدوار کامیابی حاصل کرنے والے عبدالحمید شیخ نے نیشنل کانفرنس قیادت کو اپنا بھر پور تعاون اور اشتراک اور پارٹی کیڈرمیں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس عبدالحمید شیخ کا پارٹی میں خیر مقدم کرتی ہے اور اُمید ظاہر کرتی ہے کہ موصوف عوام کی توقعات ہر کھرا اُتریں گے اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے۔ عبدالحمید شیخ اس سے قبل بھی عمر بھر نیشنل کانفرنس کیساتھ منسلک رہے ہیں اور ڈی ڈی سی انتخابات میں بحیثیت آزاد اُمیدوار جیت حاصل کرکے موصوف نے قیادت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دریں اثناء نیشنل کانفرنس نے دیرینہ پارٹی رکن اور سابق صدرِ بلاک یوتھ واگورہ عبدالرشید وانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر ، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار اور سینئر پارٹی لیڈر حاجی محمد یعقوب وانی نے اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی لیڈران نے عبدالرشید وانی کی پارٹی خدمات کو بھی یاد کیا اور اُنہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔