ہتھیار چھیننے کے واقعات

0
0

وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی: آئی جی پی کشمیر
یواین آئی

سرینگر؍؍کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سوئم پرکاش پانی نے کہا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ گوری پورہ حیدرپورہ میں پیش آئے ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملوثین کو بہت جلد قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سوئم پرکاش نے جمعرات کو یہاں پولیس ہیڈکوارٹرس پر منعقدہ ایک پروگرام کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم نے گوری پورہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ملوثین کو بہت جلد قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ملوثین کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’آپ نے کل دیکھا ہوگا کہ پانپور میں ہم نے تین لوگوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے ایک کے پاس ہتھیار بھی تھا۔ وہ (گرفتار شدگان) ہتھیار چھیننے کا منشا رکھتے تھے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے گذشتہ رات دیر گئے شہر کے مضافاتی علاقہ گوری پورہ حیدرپورہ میں ایک مندر کی حفاظت کے لئے قائم جموں وکشمیر آرمڈ پولیس کی چوکی پر حملہ کرکے وہاں سے چار سروس رائفلیں اڑالیں۔ انہوں نے بتایا ’اس واقعہ میں مندر کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے‘۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے واقعہ کی نسبت ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیار اڑانے والے جنگجوؤں کو تلاشنے کے لئے علاقہ میں مختلف جگہوں پر سیکورٹی فورسز کے ناکے قائم کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اڑائے گئے ہتھیاروں میں دو ایس ایل آر، ایک انساس اور ایک کاربائن شامل ہیں۔ تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ چوکی میں تعینات اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت دکھائی گئی یا نہیں۔ اس واقعہ سے دو روز قبل وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے پکھر پورہ میں تعینات ایک پولیس کانسٹیبل طارق احمد بٹ ساکنہ شوپیان اپنی سروس رائفل لیکر لاپتہ ہوگیا۔ دریں اثنا پولیس نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنوبی کشمیر کے پانپور میں تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو ایک پولیس اہلکار سے ہتھیار چھیننے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے ۔ پولیس کے مطابق ای ڈی آئی پانپور کے نذدیک گرفتار کئے گئے ان تین نوجوانوں کے قبضے سے ایک چینی ساخت پستول برآمد کیا گیا ہے

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا