ہندستان کی شرمناک بلے بازی

0
0

آسٹریلیا نے 8 وکٹ سے جیتا ایڈیلیڈ ٹیسٹ
ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم انڈیا کم سب سے کم اسکور
لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ہندستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پہلی اننگز میں 53 رنوں کی سبقت ملنے کے بعد ہندستانی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 36 رن پر سمٹ گئی اور آسٹریلیا نے 90 رن کا ہدف صرف 2 وکٹ کھو کر حاصل کر لیا۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی طرف سے جو بنرس نے ناٹ آوٹ 51 رن بنائے۔ ویڈ نے بھی 33 رنوں کی اننگز کھیلی۔ حالانکہ آسٹریلیا کی جیت کے ہیرو تیز گیندباز جوش ہیزلوڈ رہے، جنہوں نے محض 8 رن دے کر 5 وکٹ اپنے نام کئے۔ میچ کے اسکور کی بات کریں تو ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں 244 رن بنائے۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم صرف 191 رن بنا سکی۔ ہندستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں 53 رنوں کی سبقت ملی اور اس کے بعد وراٹ اینڈ کمپنی دوسری اننگز میں 36 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔تیسرے دن ٹیم انڈیا 62 رنوں کی سبقت کے ساتھ میدان پر اتری اور اس نے پرتھوی شا کے طور پر صرف ایک وکٹ گنوایا تھا لیکن پھر جو ہوا اس پر یقین کر پانا مشکل تھا۔ سب سے پہلے کمنس نے نائٹ واچ مین بمراہ کو دو رن پر نمٹایا۔ اس کے بعد پجارا بھی صفر پر نمٹ گئے۔ پھر جب جوش ہیزلوڈ گیندبازی کرنے آئے تو مانو میدان پر تہلکہ ہی مچ گیا۔انہوں نے مینک اگروال کو نمٹایا اور پھر اسی اوور میں رہانے بھی آوٹ ہو گئے۔ 14 ویں اوور میں کپتان کوہلی کا وکٹ بھی گر گیا۔ ساہا، اشون بھی ٹیم انڈیا کو بچا نہیں پائے۔ جوش نے صرف 8 رن دے کر 5 وکٹ لئے اور کمنس نے 21 رن دے کر 4 وکٹ لئے۔ آخر میں بلے بازی کرنے آئے محمد شمی زخمی ہو گئے اور ٹیم انڈیا 36 رنوں پر سمٹ گئی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم انڈیا کم سب سے کم اسکور ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا