سیدجعفری
سرنکوٹ؍؍ پنچایت اوپر سنئی محلہ پنیالی میں گذشتہ ایک ماہ سے پانی سپلائی متاثر ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے ذرائع ابلاغ نمائندگان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہے لیکن محکمہ اس معاملے میں پوری طرح سے غیر سنجیدہ ثابت ہوا ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو بارہا اس معاملے میں گوش گزار کیا گیا تاہم ان کی جانب سے کوئی بھی حل نہیں نکالا گیا جس کی وجہ سے مقامی عوام محکمہ کے تئیں سخت نالاں ہے۔لوگوں نے مزید بتایا کہ جس چشمہ سے پانی ٹینک میں جمع کیا جاتا ہے اس کے ساتھ چھوٹی سی محکمہ کی طرف سے تعمیر کی ہوئی ہے جو پوری طرح سے ٹوٹ چکی ہے جسکی وجہ سے اس میں پانی جمع نہیں ہو پاتا۔لوگوں نے بتایا کہ بارہا اس معاملے کو متعلقہ محکمہ کے آگے بیان کیا گیا تاہم ان کی جانب سے محض یقین دہانیوں کے کوئی بھی حل نہیں نکالا۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادیو سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔لوگوں نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ اگر فوری طور پر پانی سپلائی بحال نہ کی گئی تو اس صورت میں سنئی کے مقام پر جموں و پونچھ شاہراہ پر احتجاج کیا جائے گا جسکی تمام تر ذمہ داری محکمہ پر عائد ہو گی۔