سری نگر،//سرحدی ضلع کپوارہ کے لاووسہ علاقے میں بدھ کی شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں قرہب دو درجن دکان خاکستر ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ کے لاووسہ نوگام علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فوجی بریگیڈ کے قریب واقع ایک شاپنگ کمپلیکس میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے فوراً پورے کمپلیکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں کم سے کم 22 دکان اور فوج کا ایک اے ٹی ایم،پوسٹ آفس اور انجینئرنگ اسٹور خاکستر ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آگ سے کروڑوں روپیے کی مالیت کا نقصان ہوا ہے تاہم آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
دریں اثنا دکانداروں کا الزام ہے کہ وہ جائے واردات پر آگ لگنے کے فوراً بعد پہنچے لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ایک دکاندار نے کہا: ’رات کے گیارہ بجے آگ لگ گئی ہم فوراً وہاں پہنچ گئے لیکن ہمیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی‘۔
ادھر پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی ایک پارٹی جائے واردات پر پہنچ گئی ہے اور وہ حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔