ساتویں تنخواہ کمیشن کو بھی دی منظوری ،راجوری اسمبلی حلقہ میں تاریخ ساز کام ہوئے :ایڈوکیٹ قمر
عمرارشدملک
راجوری ممبراسمبلی راجور ی ایڈوکیٹ قمر حسین نے پریس کلب راجوری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی کابینہ میں لیے گے فیصلوں کا خیرمقد م کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایم ایل اے راجوری اایڈوکیٹ قمر حسین نے 12سال سے کم عمر کی بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے مرتکب افراد کو سزا ئے موت دینے کے کابینہ کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بیٹیوں کو تشدد سے بچانے کے لئے اس قانون کی سخت ضرورت تھی کیونکہ رسانہ میں کمسن بچی کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس سے انسانیت شرم سار ہوگئی ہے اور اب کم ازکم سزائے موت کی سزا سے بچنے کے لئے کوئی بھی جرائم پیشہ یا پھر کوئی بھی کسی بچی کے ساتھ غلط نہیں کرئے گا ۔ ایم ایل اے راجوری نے ساتویں تنخواہ کمیشن کی منظوری پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیشہ سرکاری ملازمین کو اپنے حق کے لئے احتجاجی مہم شروع کرنی پڑتی تھی لیکن موجودہ مخلوط حکومت نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ملازمین کے لئے ساتوں تنخواہ کمیشن لاگو کردیا ہے جس سے ملازمین کو کافی راحت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ہمیشہ ملازمین کا استعمال کیا ان کے لئے کچھ نہیں کیا لیکن موجودہ حکومت نے ملازمین کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے ساتوں تنخواہ کمیشن کو منظوری دی اور لاگو بھی کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مختلف قسم کے اہم ترین فیصلے لئے جس سے ملازم آفیسران اور دیگر سرکار ی ملازمین بھی خاش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راجوری اسمبلی حلقہ میں تحریکی کام ہوئے ہیں جن میں ڈونگی کے لئے ڈگری کالج کی منظوری اور دیگر ایم کام بھی راجوری میں ہوئے جس کے لئے میں وزیراعلیٰ ،وزیر قبائلی اموراور وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ریاست بھر میں ایک ہی نظر رکھی اور لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہے تاکہ لوگوں کے ساتھ انصاف ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے انتخابی مہم میں جو بھی وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا جارہا ہے اور جلد ہی راجوری میں ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہوںگی جس کے لئے موجودہ حکومت کام بھی کررہی ہے ۔ اس موقع پر پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اقبال شاہ ، مشتاق بٹ ، یوتھ لیڈر نصیر احمد ،عثمان چودھری ، حنیف جٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔