’ہم سے کیاہواوعدہ ضروروفاہوگا‘

0
0

نئی حد بند ی مکمل ہونے کے بعد 3 ماہ کے اندر اسمبلی انتخابات ہوں گے::الطاف بخاری
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍اپنی پارٹی کے سر براہ سید الطاف بخاری نے سوموار کو کہا ہے کہ نئی حد بندی مکمل ہونے کے بعد محض تین ماہ کے اندر اندر جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرائے جائیں گے ،جیسے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے پہلے وعدہ کیا ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کہ یہ وعدہ بہت جلد پورا ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق گنڈ پٹن میں انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے کہا کہ حد بندی ختم ہونے کے فوراً بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے وعدے کے مطابق جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے لئے انتخابات ہوں گے۔انہوں نے اس بات کا اظہار کہ حد بندی کا عمل جاری ہے اور جے کے اے پی کمیٹی کو وادی میں نشستوں کی تعداد بڑھانے کے لئے’ اپنی پارٹی‘ نمائندگی پیش کرے گی۔انہوں نے کہا ، ’حد بندی کمیشن مقررہ اصولوں کے تحت کام کر رہا ہے، جموں وکشمیر اپنی پارٹی اپنی نمائندگی پیش کرے گی اور وادی کشمیر میں نشستوں میں اضافہ کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ایک بار حد بندی کا عمل ختم ہونے کے بعد حکومت ہند 3 ماہ کے اندر اندر اسٹیٹ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس کا وعدہ کیا تھا اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ مزید تاخیر کیے بغیر اپنا وعدہ پورا کریں گے۔بخاری نے مزید کہا ،’آج میں نے نچلی سطح پر لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ لگاتار حکومتوں نے ملحقہ دیہات میں پائپ بچھا ئیں لیکن پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات کا مقصد زمینی سطح پر ترقی کو یقینی بنانا ہے اور اس کا سیاسی یا قانون سازی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ،’نہ ہی ڈی ڈی سی انتخابات اور نہ ہی اسمبلی انتخابات کا5 اگست 2019 کو لئے گئے فیصلہ جات کیساتھ کوئی تعلق ہے۔ بخاری نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے دن باہر نکلیں اور پٹن کی علاقائی نشست سے اپنی پارٹی کی امیدوار کنیز فاطمہ کے حق میں ووٹ ڈالیں۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست اور ریاست کے روزگار کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ جموں و کشمیر میں ریاست کا حصول واپس لینا اپنی پارٹی کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ جاری انتخابات میں کون کلین سویپ کرے گا۔ بخاری نے مزید کہا ،’میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ کلین سوئپ کون کرے گا، ہماری پارٹی 9 ماہ کی ہے اور لوگوں کو ہم سے 9 ماہ کے بچے کی مانند ہی توقع رکھنا چاہئے۔‘ایک سوال کے جواب میں ، انہوں نے کہا کہ وہ دن گئے جب لوگوں کو زبردستی اقدامات کے ذریعے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔ بخاری نے مزید کہا ، ’لوگ بیلٹ کی طاقت کو سمجھتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ یہ ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ان کی طاقت ہے‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا