آتم نربھر بھارت کے تحت بجلی شعبے کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 11 ہزار کروڑ کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍آتم نربھر ابھیان کے تحت جموں کشمیر کیلئے 11024.47 کروڑ روپے کا قرضہ منظور کیا گیا ہے ۔ اس رقم سے بجلی کی واجبات کی ادائیگی کی جائے گی ۔اس ضمن میں امداد ی قرضہ کی دوسری قسط یعنی 5444.47 کروڑ روپے کے حصول کیلئے جے کے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، جے اینڈ کے پاور کارپوریشن لمٹیڈ اور پاور فائنانس کارپوریشن کے مابین ایک ایم او یو پر پرنسپل سیکرٹری محکمہ بجلی کی موجودگی میں آج یہاں سرینگر میں دستخط ہوئے ۔ ایم او یو پر ڈائریکٹر فائنانس پی ڈی ڈی ، چیف انجینئر جے کے پی سی ایل اور جی ایم ، ایل اینڈ ڈی پی ایف سی نے دستخط کئے ۔ اس موقعہ پر ڈسکامز کے ایم ڈیز ، پی ڈی ڈی کے چیف انجینئران اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ پی ایف سی کے ای ڈی نے تقریب میں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی ۔ 5580 کروڑ روپے کے قرضے کی پہلی قسط کے حصول کیلئے پہلے ہی امسال ماہ اکتوبر میں دستخط کئے گئے تھے ۔ واضح رہے آتم نربھر بھارت کے تحت حکومت ہند نے ڈسکامز کیلئے سرمایہ کی فراہمی کیلئے 90 ہزار کروڑ روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے تا کہ بجلی کی خریداری کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے ۔ حکومت جموں کشمیر نے فوری طور قرضہ کے حصول کیلئے ابتدائی کاروائی کر کے قرضے کی پہلی قسط یعنی 5580 کروڑ روپے کے حصول کیلئے معاہدے پر دستخط کئے ۔ آج کے معاہدے پر دستخط کرنے سے جموں کشمیر کو 30 جون 2020 تک کی بجلی کی واجبات کی مکمل ادائیگی کیلئے 11024.47 کروڑ روپے کا قرضہ فراہم ہو گا ۔ جموں کشمیر کا سالانہ بجلی کی خریداری کا بل 6 ہزار سے 6 ہزار پانچ سو کروڑ روپے تک کا ہے ۔ جس کے مقابلے میں وصولیابیاں 2200 کروڑ روپے سے 2300 کروڑ روپے سالانہ ہوتی ہیں ۔ جس سے سالانہ خسارہ زاید از چار ہزار کروڑ روپے ہوتا ہے ۔