موسم نے مزاج بدلا،ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے کمرکس لی

0
0

کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے مشینری پوری طرح تیار ، متعلقہ اہلکاران کو متحرک
محمد اسحٰق عارفؔ

اخیار پور؍؍کسی بھی موسمی صورتِ حال سے نبٹنے کے لئے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے پوری مشینری اور متعلقہ اہلکاران کو متحرک کر دیا ہے اور ہفتے کے روز اس سلسلہ میں عملی مشقیں بھی عمل میں لائی گئیں۔رات کو برف باری شروع ہونے کے بعد ہی ضلع ترقیاتی کمشنر ڈودہ ڈاکٹر ڈی ساگر ڈائفوڈ نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ مشینری اور متعلقہ اہلکاران کو فوری طور تیار کریں جس پر عمل کرتے ہوئے صبح چار بجے تک کسی بھی بحرانی صورتِ حال سے نبٹنے کے لئے تیاری مکمل کی جا چکی تھی اور کنٹرول روم کو فعال بناکر انتظامیہ کے تمام آفیسران کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا تھا ۔ تمام آفیسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ گذشتہ رات کی برف باری سے ہونے والے کسی بھی نقصان کی فوری اطلاع فراہم کریں تاکہ ضروری اقدامات اُٹھائے جا سکیں۔تاہم تا حال کسی بھی جگہ سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ہفتے کے روز ڈی ڈی سی ڈوڈہ نے تحصیلدار کاستی گڑھ محمد یونس زرگر اور دیگر متعدد سرکاری اہلکاران کے علاوہ مقامی سرپنچوں اور پنچوں کے ہمراہ کاستی گڑھ کے گُرمل علاقے کا دورہ کر کے صورتِ حال کا جائزہ لیا جہاں گذشتہ رات ایک پسی گر آئی تھی۔ اُنہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ایک خصوصی ٹیم بنائی جائے گی جو اس علاقے کا دورہ کر کے پسیوں کی روک تھام کے لئے ایک لائحہ عمل بنا ئے جس کو فوری طور عملی جامہ پہناکر اس علاقہ کے باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے راشن اسٹور کا بھی معائینہ کر کے راشن کے ذخیرے کا جائزہ لیا اور ڈیلر حضرات کو ہدایت کی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر صارفین میں شفاف طریقے سے راشن تقسیم کریں تاکہ لوگوں کو کسی مشکل صورتِ حال سے واسطہ نہ پڑے۔اس دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کی شکایات کو بھی سُنا اور اُن کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کی ضروری ہدایات جاری کیں۔اُںہوں نے ڈھانڈل گُرمل سڑک کا تعمیری کام جو کچھ عرصہ سے بند پڑا تھا،کو فوری طور دوبارہ شروع کرنے،گُرمل کے لوگوں کو تیل خاکی اُن کے گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے اور بجلی سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایات بھی متعلقہ حکام کو جاری کیں۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے تئیں ممنونیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا