محکمہ جل شکتی ڈوڈہ مضرِ صحت اور آلودہ پانی پینے پر مجبور کر رہاہے!

0
0

ملازمین کی شرمناک غفلت، مرمت کے گائوں برکوٹ میں ٹوٹی پھوٹی پائیپ لائین، حوض کی بھی 2برسوں سے صفائی نہیں کی
محمد اسحٰق عارفؔ

اخیار پور؍؍مرمت کے برکوٹ گائوں کے باشندوں نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ جل شکتی ڈوڈہ کے حکام اور اہلکاران اُنہیںمضرِ صحت اور آلودہ پانی پینے پر مجبور کر رہے ہیں۔گائوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی طرف سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی پائپ لائن کی مرمت کرنا تو درکنار بلکہ گذشتہ دو سال سے اُس حوض کی صفائی بھی نہیں کی ہے جہاں سے گائوں کو پانی مہیا کیا جاتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حوض نصف تک مٹی کچرے ،مرے ہوئے کیڑے مکوڑوں اور پرندوں سے بھرا ہوا ہے مگر محکمہ کے اہلکاران اس کی صفائی کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں اور نتیجۃً گائوں کے لوگوں کی گندہ پانی پینا پڑ رہا ہے۔گائوں کے متعدد معززین کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے متعدد بار محکمہ کے حکام اور اہلکاران کو اس طرف توجہ دلائی اور اپیل کی کہ وہ حوض کو صاف کروایا جائے مگر کوئی اُن کی بات کی طرف توجہ نہیں دے رہا ہے۔اُںہوں نے کہا کہ متعلقہ چوکیدار سے جب رابطہ کیا جاتا ہے تو اُن کا کہنا ہوتا ہے کہ حوض کو صاف کرنے کے لئے صفائی کے لئے درکارپوڈر یا اسپرے اوردیگر مطلوبہ سامان نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گندہ پانی پینے سے سے یہاں کے لوگوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہیں مگر محکمہ کے حکام کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کے گائوں کو پانی فراہم کرنے والی واٹر سپلائی اسکیم 1987ء میں شروع کی گئی تھی مگر کبھی اُس کی دوبارہ مرمت نہیں کی گئی جب کہ مرمت کے نام پر جعلی بل نکال کر سرکاری خزانے سے متعدد بار رقم نکالی گئی ہے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ جس چشمے سے گائوں کے لئے پائپ لائن کے ذریعہ پانی سپلائی کیا جاتا ہے وہ بھی چاروں اطراف سے کھلا ہوا ہے اور اُس میں گندگی اور کچرا وغیرہ گرنے کو روکنے کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے اور مویشی اور کتے ،بلی وغیرہ بھی یہاں پانی پیتے نظر آتے ہیں جس وجہ سے پانی کا یہ سرچشمہ گوبر اور دیگر قسم کی گندگی سے پٹا پڑا رہتاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کہ اگر اس طرف توجہ نہ دی گئی تو گندہ اور ناپاک پانی پینے کی وجہ سے یہاں بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ وہ اس معاملہ کی طرف توجہ کر کے متعلقہ حکام کو حوض اور جس چشمے سے پانی سپلائی کیا جاتا ہے اُس کی صفائی اور باڑھ بندی کے احکامات صادر فرما کر یہاں کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کی یقینی بنایا جائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا