یواین آئی
نئی دہلیکانگریس نے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کے بیان سے خود کو پوری طرح غیر متفق قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے ۔ مسٹر خورشید نے دو دن قبل علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں منعقد ایک پروگرام میں کانگریس کے دامن پر مسلمانوں کے خون کے دھبے ہونے کی بات کہی تھی۔سابق مرکزی وزیر نے آج پھر کہا کہ میں اپنے اس بیان پر قائم ہوں ۔ میں نے جو کہا اسے میں مسلسل کہتا رہوں گا۔ میں نے ایک انسان ہونے کے ناطے یہ بیان دیا تھا۔ کانگریس کے ترجمان پی ایل پونیا نے یہاں پریس کانفرنس میں اس سلسلے میں پوچھے گئے سوال پر کہا” مسٹر خورشید پارٹی کے سینئر لیڈر ہیں۔ ان کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے ۔ کانگریس کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ پارٹی ان کے بیان سے پوری طرح غیر متفق ہے ۔” انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ایس سی’ ایس ٹی اور اقلیتوں کو آگے بڑھانے اور ان طبقات کی بہبود کے لئے کام کیا ہے ۔ پارٹی نے ہمیشہ خیر سگالی کو اہمیت دی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت سماجی خیر سگالی کو کمزور کررہی ہے ۔