یواین آئی
سرینگر؍جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک فوجی جوان نے دوران ڈیوٹی اپنی ہی بندوق سے اپنا کام تمام کر دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے زاوورہ گاؤں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دوران ڈیوٹی ایک فوجی جوان نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کر دیا۔انہوں نے مہلوک فوجی کی شناخت چندرا پاٹل کے بطور کی ہے جو فوج کی 62 ہیڈکوارٹرس سے وابستہ تھے۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور فوجی کی طرف سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال 2010 سے 2019 تک ملک میں 1113 فوجی اہلکاروں کی خودکشی کے 1113 مشتبہ واقعات درج کیے گئے ہیں۔اگرچہ سرکاری اعداد و شمار میں کشمیر میں خودکشی کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تفصیلات الگ سے نہیں دی گئی ہیں، تاہم سمجھا جا رہا ہے کہ سب سے زیادہ معاملات یہیں درج ہوئے ہوں گے۔وزیر مملکت برائے دفاعی امور شریپد نائیک نے گذشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ خودکشی کے ان 1113 معاملوں میں سے فوج میں 891، بھارتی فضائیہ میں 182 اور بحری فوج میں 40 اہلکاروں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔