شمالی کشمیر میں جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال

0
0

یواین آئی

سرینگر؍؍شمالی کشمیر کے دو اضلاع بارہمولہ اور کپواڑہ کے متعدد علاقوں بالخصوص ایپل ٹاون سوپور اور ہندواڑہ میں منگل کے روز حزب المجاہدین سے وابستہ دو مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف غیراعلانیہ ہڑتال سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی۔ خیال رہے کہ ایپل ٹاون سوپور کے شنکر گنڈ براٹھ میں پیر کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میںحزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈر سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت حزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈرپرویز احمد وانی عرف پرویز گلورہ ساکنہ گلورہ ہندواڑہ اور نعیم احمد نجار ساکنہ براٹھ کلان سوپور کے بطور کی گئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے کسی بھی حصے میں لوگوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم کسی بھی طرح کے تشدد کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ضلع مجسٹریوں کے احکامات پر آج سوپور اور ہندواڑہ کے تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کی معطلی کا قدم احتیاطی اقدامات کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ اگرچہ علیحدگی پسند قیادت یا کسی دوسری تنظیم نے آج کوئی ہڑتال کال نہیں دی تھی، لیکن باوجود اس کے سوپور اور ہندواڑہ میں دکانیں اور تجارتی مراکز شٹرڈاون رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی معمول کی سرگرمیاں متاثر رہیں۔ ان دونوں قصبوں کی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی بھاری جمعیت گشت کرتی ہوئی نظر آئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع بارہمولہ میں انٹرنیٹ خدمات کم از کم بارہ گھنٹوں کی معطلی کے بعد گذشتہ رات دیر گئے بحال کردی گئیں۔ دریں اثنا شنکر گنڈ براٹھ میں مارے گئے دونوں جنگجوؤں کو گذشتہ شام اپنے اپنے آبائی دیہات میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ سیکورٹی اداروں نے ایچ ایم ڈویژنل کمانڈر پرویز گلورہ کو جنگجوؤں سے متعلق اے پلس پلس زمرے میں رکھا تھا۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کامیاب آپریشن انجام دینے پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا ’سوپور میں پیر کی صبح ایک مشترکہ آپریشن میں حزب المجاہدین کے 2 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا