’ایوشمان بھارت‘ کا مقصد لوگوں کو مفت علاج فراہم کرنا ہے: ڈاکٹر عطا المنیم
یو این آئی
سری نگر؍؍جموں و کشمیر سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کے ڈپٹی سی ای او ڈاکٹر عطا المنیم ٹاک نے کہا کہ ایوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو علاج و معالجے کے لئے ذاتی خرچہ نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت سالانہ پانچ لاکھ روپے کا انشورنس کور ایک کنبے کو علاج کے لئے مہیا کیا جائے گا اور اس میں عمر کی کوئی حد ہے اور نہ کنبے کے افراد خانہ کی تعداد کی کوئی حد ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے درو درشن پر نشر ہونے والے ہفتہ وار خصوصی پروگرام ‘سکون میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘اس اسکیم کا مقصد لوگوں کا علاج کے لئے ذاتی خرچہ کم کرنا ہے۔ یہ اسکیم ملک بھر میں سال 2018 میں لاگو کی گئی اور جموں و کشمیر میں اس اسکیم کے تحت ہر کنبے کو ہر سال علاج کے لئے پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے’۔موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ اس اسکیم میں عمر یا کنبے کے افراد خانہ کی کوئی حد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2011 کی مردم شماری کے ڈاٹا کے مطابق کنبوں کی رجسٹریشن ہو رہی ہے اور جو کنبے رہ جائیں گے ان کو بھی ایک میکانزم کے تحت اس کے دائرے میں لایا جائے گا۔مسٹر ٹاک نے کہا کہ رجسٹریشن کے لئے کامن سروس سینٹر قائم کئے گئے ہیں اور وہاں آدھار کارڈ اور راشن کارڈ جمع کرنے کے بعد ایک گولڈن کارڈ دیا جائے گا اور تیس روپے فیس کے عوض ایک فرد کی رجسٹریشن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام ایمپینلڈ ہسپتالوں میں یہ سہولیت دستیاب ہوگی اور اس کے علاوہ ملک کے جتنے بھی ہسپتال اس یوجنا کے تحت ایمپینلڈ ہیں ان میں جموں و کشمیر کے باشندوں کے لئے یہ سہولیت میسرہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری کے سبھی سرکاری ہسپتال ایمپینلڈ ہیں اور ملک میں زائد از 23 ہزار ہسپتال ایمپینلڈ ہیں۔مسٹر ٹاک نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 21 ستمبر سے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور اب تک سات لاکھ رجسٹریشنز ہوئی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اس سکیم کے ساتھ جڑنے کی اپیل کی۔ بتادیں کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رواں برس 11 ستمبر کو جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے دائرے میں لانے کا ایک اہم اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا: ‘آج انتظامی کونسل کی میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔ آیوشمان بھارت ملک میں قریب پچاس کروڑ لوگوں کو صحت کی حفاظت فراہم کر رہی ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘یہاں پر تیس لاکھ لوگ ایسے ہیں جنہیں آیوشمان بھارت کے تحت فی سال پانچ لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس حاصل ہے۔ باقی 70 لاکھ لوگوں کو بھی اس سکیم کے دائرے میں لانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ باقی لوگوں کی طرح یہ سکیم آپ (میڈیا کے) لوگوں کے لئے بھی ہے’۔