ایڈوکیٹ گیالسن اور سیرنگ آنچک بالترتیب سربراہ اور ڈپٹی سربراہ منتخب
یواین آئی
لیہہ؍؍بی جے پی لیڈران ایڈوکیٹ تاشی گیالسن اور سیرنگ آنچک کو چھٹے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کا بالترتیب چیف ایگزیکٹو کونسلر اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب کر لیا گیا ہے۔ہفتے کی صبح یہاں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے نئی لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ تشکیل دی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو کونسلر اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو کونسل کے علاوہ دیگر کونسلروں نے حلف اٹھایا۔ انہیں پرنسپل و ڈسٹرکٹ سیشنز جج رنبیر سنگھ پٹھانیہ نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف براداری تقریب میں ضلع مجسٹریٹ لیہہ سچن کمار ویشیا، ایس ایس پی لیہہ راجو پانڈے، منصف جج لیہہ چیمت ستوبگیال موجود تھے۔اس تقریب میں بی جے پی کے لداخ کے رکن پارلیمان جمیانگ سیرنگ نمگیال کے علاوہ پارٹی کے سینئر لیڈروں ارون سنگھ اور اشوک کول کے علاوہ مختلف مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔کونسلروں کی حلف برداری کی تقریب کے لئے وہ دن چنا گیا تھا جب گذشتہ برس اسی دن خطہ لداخ جموں و کشمیر سے الگ کر کے ایک علیحدہ یونین ٹریٹری بنایا گیا تھا۔ تقریب کے حاشیے پر ایڈوکیٹ تاشی گیالسن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کونسل کی ٹیم تشکیل پانے کے بعد ایک میٹنگ میں مستقبل کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں لداخی لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جو بھی فیصلے لئے جائیں گے وہ لداخ کے فائدے کے لئے ہی لئے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمارے سامنے بہت سارے چیلنجز ہیں۔ ہم سب مل کر کام کریں گے۔ ہم سے جو بھی ممکن ہو سکے گا ہم وہ یہاں کے لوگوں کے لئے کریں گے’۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع لیہہ میں 22 اکتوبر کو ہونے والے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات میں کونسل کی 26 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی جن میں سے بی جے پی نے 15، کانگریس نے 9 اور آزاد امیدواروں نے 2 نشستوں پر جیت درج کی تھی تاہم نیوما حلقہ انتخاب کے آزاد امیدوار ایشے سپلزانگ نے بعد ازاں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے سابقہ انتخابات میں بی جے پی نے 18 نشستوں پر کامیابی درج کی تھی۔بتادیں کہ ان انتخابات میں 94 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے تھے جن میں بی جے پی کے 26، کانگریس کے 26، عام آدمی پارٹی کے 19 اور 23 آزاد امیدوار شامل تھے۔لداخ میں کونسل کے انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار بی جے پی کے سرکردہ لیڈران بشمول جی کشن ریڈی، مختار عباس نقوی، کرن رجیجو اور انوراگ ٹھاکر نے اپنی جماعت کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلائی تھی۔بی جے پی کے لیڈران رائے دہندگان سے یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے تھے کہ چونکہ لداخ کو یونین ٹریٹری کا درجہ بی جے پی حکومت نے دیا ہے لہٰذا آپ کے ووٹ پر ہمارا حق بنتا ہے۔