کہاحکومت مسلح افواج کو مضبوطی دینے کے لئے کسی طرح کی کمی نہیں چھوڑے گی
یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ سکیورٹی کے موجودہ حالات میں فوج نے جس طرح سے قدم اٹھائے ہیں اور کارروائی کی ہے انہیں اس پر فخر ہے ۔مسٹر سنگھ نے بدھ کو فوج کے تمام اعلی کمانڈروں سے خطاب کیا اور انہیں یقینی دلایا کہ حکومت مسلح افواج کو مضبوطی دینے کے لئے کسی طرح کی کمی نہیں چھوڑے گی۔وزیر دفاع نے پیر کو یہاں جاری فوجی کمانڈروں کی چار روزہ کانفرنس سے بدھ کو خطاب کیا۔ بعد میں انہوں نے سلسلے وار ٹویٹ کرکے کہا،‘‘نئی دہلی میں آج فوجی کمانڈروں کے کانفرنس سے خطاب کیا۔موجودہ سکیورٹی کے ماحول میں فوج کی پہل قدمی پر بے حد فخر ہے ۔فوج آزادی کے بعد سے ہی ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے سامنے آئے چیلنجوں کا کامیابی کے ساتھ سامنا کررہی ہے ۔’’انہوں نے کہا کہ چاہے دہشت گردی ہو یا انتہا پسندی کا مسئلہ ہو یا کوئی بیرونی حملہ ہو فوج نے ان خطروں کا خاتمہ کرنے میں اہم تعاون کیا ہے ۔دفاعی شعبہ اور خصوصی طورپر فوجی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس سمت میں آگے بڑھ رہی فوج کی مدد کے لئے پرعزم ہے جس سے وہ ہر شعبہ میں ترقی کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت افواج کو طاقت ور بنانے میں اپنی طرف سے کسی قسم کی کمی نہیں چھوڑے گی۔واضح رہے کہ مشرقی لداخ میں ایکچوؤل لائن آف کنٹرول پر پچھلے پانچ مہینے سے چین کے ساتھ فوجی تعطل جاری رہا ہے اور فوج نے اس پورے واقعہ کے دوران مضبوطی کے ساتھ حالات سامنا کیا ہے اور چین کا اس کی ہر چال کا کرارا جواب دیا ہے ۔مسٹر سنگھ کو طے پروگرام کے مطابق اس کانفرنس سے منگل کو خطاب کرنا تھا لیکن اسی دن انہیں امریکہ کے وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کے ساتھ ٹو پلس ٹو بات چیت میں بھی حصہ لینا تھا اس لئے آخری وقت میں ان کا یہ خطاب ٹالنا پڑاتھا۔