فضائیہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار

0
0

لداخ سرگرمی کے دوران ایئر فورس نے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا :آر کے ایس بھدوریہ
لازوال ڈیسک

ہنڈن (غازی آباد)؍؍فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے آج ملک کو یقین دلایا کہ ایئر فورس دن رات ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے اور کسی بھی صورتحال سے مضبوطی سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔ایئرچیف مارشل بھدوریا نے یہاں ایئر فورس کے 88 ویں یوم تاسیس کے موقع پر فضائیہ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے خود کو ایک ایسی قوت میں تبدیل کرنا ہوگا جو ہر طرح کے چیلنجوں سے مقابلہ کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پڑوسی ممالک کی بڑھتی ہوئی خواہشات سے پیدا ہونے والے خطرے اور چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایئرفورس پوری طرح تیار ہے اور گزشتہ دنوں ضرورت پڑنے پر فورس نے فوری ضروری کارروائی کرکے اپنی صلاحیت کارکردگی کا ثبوت دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ فضائیہ کسی بھی صورتحال اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ایئر فورس ہر طرح سے مضبوط ہو اور چیلینجز کی آزمائش کا مقابلہ کرے نیز یہ خود کفیل ہندوستان کے لئے بھی یہ ضروری ہے ۔ان کے خطاب کے بعد ایئر فورس کے مختلف طیاروں نے کرتب بازی اور ان کی طاقت اور جوہر کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف بھی موجود تھے ۔قبل ازیں صدر اور وزیر اعظم نے ایئر فورس کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو ایئر فورس ڈے پر مبارکباد پیش کی۔بھدوریہ نے کہا کہ میں ملک کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستانی فضائیہ سبھی حالات میں قوم کی مختاری اور مفادات کے تحفظ کے لئے مضبوطی سے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 89 ویں برس میں فضائیہ بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے ۔ ایئرفورس ایسے دور میں داخل ہورہی ہے جو یہ طے کر ے گا کہ ہم ایرواسپیس طاقت کا کہاں استعمال کریں .کورونا وبا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسے غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے صورتحال کا مضبوطی سے مقابلہ کیا ہے اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ فضائیہ کے جوانوں نے اس دوران اپنے عزم مصمم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ، پوری صلاحیت کے ساتھ تمام مشنوں کے لئے تیاری رکھی ۔فضائیہ کے سربراہ آر کے ایس بھدوریہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ نے اپنے عزم مصمم اور ضرب کاری لگانے کا مظاہرہ کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر وہاں اپنے دشمنوں سے مؤثرطور پر نمٹے گی۔شمالی سرحد پر حالیہ تعطل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کے لئے فضائیہ کے جانبازوں کی ستائش کی اور کہا کہ بہت تھوڑے وقت میں انہوں نے ضروری فوجی سازوسامان کو وہاں پہنچایا اور فوج کی سبھی طرح کی ضروریات کو پورا کیا۔آج فضائیہ کے قیام کو 88 سال پورے ہورہے ہیں۔ 8اکتوبر1932 کو ہندوستانی فضائیہ قائم کی گئی تھی۔غازی آباد میں ہنڈن میں فضائیہ کے اسٹیشنپر ایوارڈ تقسیم کئے جانے کی تقریب منعقد ہوئی اور مختلف ہوائی جہازوں نے اپنے کرتب دکھائے ۔ مشہور آکاش گنگا ٹیم کے جوانوں نے بھی اپنی مہارت اور شجاعت کا مظاہرہ کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا