’بیک ٹو ولیج‘ حکومت کو زمینی سطح تک لے جانے کا ایک بڑا پروگرام: شیتل نندا
یواین آئی
سرینگر؍؍محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی سکریٹری شیتل نندا نے کہا ہے کہ سرکار کی طرف سے جاری ‘بیک ٹو ولیج’ پروگرام حکومت کو زمینی سطح تک پہنچانے کا ایک بڑا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے پنچایتیں با اختیار ہوں گی۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے خصوصی پروگرام ‘سکون’ کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘بیک ٹو ولیج پروگرام کے تیسرے مرحلے میں افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ پہلے دیکھیں کہ گذشتہ دو پروگراموں کے دوران جو پیسے واگذار کئے گئے تھے ان پر کام ہوا ہے یا نہیں اور یہ بھی دیکھیں کہ پنچایتیں با اختیار ہیں یا نہیں’۔شیتل نندا نے کہا کہ ‘بیک ٹو ولیج’ پروگرام حکومت کو زمینی سطح تک پہنچانے کا ایک بہت بڑا پروگرام ہے اور اس پروگرام سے پنچایتیں با اختیار ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ایک رپورٹ تیار کریں جس میں یہ بتایا جائے کہ ‘بیک ٹو ولیج’ کے گذشتہ دو پروگراموں کے دوران جو شکایات درج ہوئی تھیں ان کو دور کیا گیا ہے یا نہیں۔موصوفہ نے کہا کہ ہم نے ایک ‘بیک ٹو ولیج’ پورٹل بنوایا ہے جس میں جو ڈاٹا آتا ہے اس کو اپ لوڈ کیا جاتا ہے’۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران پنچایتوں میں جانے والے افسروں کو تربیت دی جاتی ہے تاکہ انہیں یہ معلوم ہو کہ وہ وہاں کیا کرنے جا رہے ہیں۔موصوفہ نے کہا کہ یہ پروگرام لوگوں کی بہبودی کے لئے مخصوص ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس میں شرکت کرنی چاہئے اور اس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔