سکھ طبقہ کو بھی جموں وکشمیر کابینہ میں نمائندگی دی جائے
لازوال ڈیسک
جموںسکھ طبقہ نے کابینہ میں نمائندگی کیلئے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے ریاستی کابینہ میں کابینہ درجہ کا کوئی بھی وزیر سکھ طبقہ سے نہیں ہے لہذا سکھ طبقہ کو بھی نمائندگی دی جائے۔اس سلسلہ میں یہاں جموں میں کئی سکھ اکائیوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقہ کو کابینہ میں نمائندگی دی جائے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بھاجپا کو ووٹ دئے تاکہ ہمیں ریاستی حکومت میں نمائندگی ملے۔ہم شکر گزار ہیں کہ چرنجیت سنگھ خالصہ کو ایم ایل سی بنایا گیا ہے اور اب وقت کی ضرورت ہے کہ انھیں کابینہ درجہ دیا جائے تاکہ سکھ طبقہ اپنے آپ کو اس مخلوط حکومت میں نظر انداز نہ سمجھے۔انہوں نے کہا کہ جب بھاجپا کے وزراءنے استعفے سونپے تب سکھ طبقہ نے اس کا مطالبہ کیا کہ سکھ طبقہ کو نمائندگی دی جائے۔انہوں نے بھاجپا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقہ کی اس مانگ کو پورا کیا جائے۔اس موقع پر منجیت سنگھ کشمیر سنکھ سنگت، جتھے دار موہندر سنگھ صدر شرومنی اکالی دل بادل جموں و کشمیر ،جگجیت سنگھ صدر ڈی جی پی سی، بابو سنگھ، سیوہ سنگھ،بانا سنگھ و دیگران موجود تھے۔