پلوامہ کے لاپتہ نوجوان کے اہل خانہ کی بیٹے سے گھر لوٹنے کی اپیل

0
0

یواین آئی

سرینگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے تملہ ہال گاؤں سے تعلق رکھنے والے لاپتہ نوجوان، جس کا بھائی ایک فوجی اہلکار ہے، کے اہل خانہ نے بیٹے کو گھر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔بتادیں کہ تملہ ہال سے تعلق رکھنے والا جنید رشید وانی ولد عبدالرشید وانی جو گورنمنٹ ڈگری کالج پلوامہ میں فرسٹ سمسٹر کا طالب علم ہے، گزشتہ ایک ہفتے سے لا پتہ ہے۔جنید رشید کے والدین نے میڈیا کی وساطت سے زار و قطار روتے ہوئے بیٹے کو گھر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے اپنی اپیل میں کہا: ‘جس کسی کے پاس بھی ہمارا بیٹا ہے وہ اس کو واپس بھیج دے، ہمیں اپنا بیٹا واپس چاہئے ہم نے اس کی بہت تلاش کی لیکن وہ کہیں بھی نہیں ملا’۔لاپتہ نوجوان کے والد عبد الرشید نے کہا کہ وہ گھاس لانے کے لئے گیا تھا لیکن پھر واپس نہیں لوٹا جب ہم نے فون کیا تو اس کا فون بند تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کو تمام رشتہ داروں اور دوستوں کے پاس تلاش کیا اور پولیس میں بھی رپورٹ درج کی لیکن اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں چلا۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس کیس کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور لاپتہ نوجوان کو تلاش کرنے کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔قبل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو کے وانگنڈ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی اہلکار کے بھائی، جنہوں نے بعد میں ایک ویڈیو میں جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا، کے لاپتہ ہونے کے کچھ روز بعد ہی جنید رشید لاپتہ ہوئے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا