جموں، 2 ستمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے کیری سیکٹر میں ایل او سی پر بدھ کی صبح پاکستانی فوج نے بلا اشتعال بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کر دی جس کے نتیجے میں وہاں ڈیوٹی پر تعینات ایک جونیئر کمیشنڈ افسر (جے سی او) شدید زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی جے سی او بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔
قبل ازیں راجوری کے ہی نوشہرہ سیکٹر میں 30 اگست کی صبح ایل او سی پر طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوا تھا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔