4بچیوں کی ماں کوتیزدھارہتھیارسے موت کے گھاٹ اُتارا،خاوندسمیت2افراد گرفتار
دلشاد احمد چودھری
کوٹرنکہ؍؍کوٹرنکہ کی پنچایت موڑہ میں ایک درد ناک واقع سامنے آیا جس نے پوری انسانیت کو شرم سار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹرنکہ موڑہ پنچایت میں اتوار کی صبح اچانک اس وقت قیامت صغریٰ برپا ہوگئی جب چار بچیوں کی ماں شہناز اختر زوجہ ذوالفقارعلی سکنہ موڑہ پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کر دیا ۔یہ منحوس خبر آگ کی طرح پورے علاقہ میں پھیل گئی ۔شہناز اختر کے بھائی مدثر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری بہنشہناز اختر کی شادی 7سال پہلے ذوالفقار علی کے ساتھ ہوئی تھی جوکہ پیشہ سے ڈرائیو تھا۔ مدثر نے بتایا کہ بہن کی چار بچیاں بھی ہیں ۔اتوار کی صبح میرے بھنوئی ذوالفقار علی نے مجھے فون کیا اور کہا کہ شہناز اختر کو میرے کنڈیکٹر نے چھری مار دی ہے تاہم ہمارے وہاں پہنچنے سے پہلے کچھ لوگوں نے شہناز اختر کو اٹھا کر ہسپتال کوٹرنکہ لایا جوکہ راستہ میں ہی دم توڑ گئی۔ مدثر نے کہا کہ شہناز اختر کو اس کے شوہر نے قتل کر دیا ہے اور تیز دھار چھری سے حملہ کرکے قتل کیا گیا ہے اور صبح سے لے کر دوبجے تک شہناز کا پتہ لگانے بھی کوئی سسرال والوں سے نہیں آیا ہے جبکہ وہاں سے کافی تعداد میں گائوں کے لوگ جنازہ میں آرہے ہیں مدثر نے کہا کہ ہم پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انصاف کیا جائے اور قاتلوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ اسی ضمن میں ایس ایچ او کنڈی مستاج چوھدری نے بتایا کہ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے خاتون کو گھریلو معاملات پر چوٹ پہنچائی ہے اور پولیس نے اسی اطلاع پر 302کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور دو افراد۔خاتون کے شوہر ذوالفقار علی ولد محمد انور۔اور ان کے ساتھ کام کرنے والے محمد اسلم ولد محمد بشیر عمر 18سال سکنہ تھنہ منڈی کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔