ایکسپرس ہائی وے کی براستہ سلال، گلا ب گڑھ ، کٹرہ کشمیر تک توسیع کی مانگ
لازوال ڈیسک
ریاسی ؍؍جموں وکشمیر اپنی پارٹی سنیئرلیڈر اور سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے ریاسی دورہ پر آئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور ضلع کے کئی مطالبات کو اُجاگر کیا۔ پریس بیان کے مطابق اعجاز احمد خان نے مطالبہ کیاکہ ایکسپرس ہائی وے کی کٹرہ سے کشمیر براستہ سلال اور گلاب گڑھ توسیع کی جائے ، اناس دوم دھرماڑی پن بجلی پروجیکٹ کا کام شروع کیاجائے، بڈا میں ہوا توانائی پروجیکٹ کی تعمیر، ڈگری کالج دھرماڑی اور گول کی تکمیل، دھرماڑی اور گول میں اسٹیڈیم کے قیام کی مانگ کی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو بتایاکہ ضلع میں سیاحت کے وسیع ترامکانات موجود ہیںجن کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے ترقی دی جانی چاہئے۔ انہوں نے سلال، ڈگن ٹاپ ۔گول کو ٹورسٹ سرکٹ بنانے ، ماسٹروں، ڈاکٹروں اور لیکچرروں کی خالی آسامیاں پر کرنے کے بھی مطالبات کئے۔کسانوں اور دیہات میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے پی ایم جی ایس وائی اور تعمیرات عامہ کے تحت حاصل کی گئی اراضی کا معاوضہ دینے کی مانگ کی اور کہاکہ زمین سڑک ودیگر ترقیاتی سرگرمیوں کو شروع کرنے کے لئے لی گئی تھی لیکن ابھی تک لوگوں کو معاوضہ نہیں ملا۔لیفٹیننٹ گورنرنے بغور اُن کے مسائل ومطالبات کو سننے کے بعد یقین دلایاکہ اِ ن کے ازالہ کو یقینی بنایاجائے گا۔