یواین آئی
نئی دہلی؍؍حکومت نے کورونا وائرس کے وبا کے پیش نظر ملک کے اسکولی طلبا کو ڈیجیٹل تعلیم کی فراہمی کے لئے ایک رہنما خطوط جاری کیا ہے۔مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے بدھ کے روز ٹوئیٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے یہ ہدایت نامہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہدایات ملک میں تین قسم کے طلبائ کے لئے جاری کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر نشنک کے مطابق پہلے درجے وہ طلبائ ہوں گے جن کے پاس آن لائن تعلیم کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔ دوسرے وہ طلبہ ہوں گے جن کے پاس آن لائن تعلیم کے محدود وسائل ہوں گے۔ تیسرے درجے کے وہ طلبہ ہوں گے جن کے پاس آن لائن تعلیم کی مناسب سہولت موجود ہے۔رہنما خطوط میں اس بات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ جن طلبا کے پاس آن لائن تعلیم کا نظام موجود نہیں ہے ان کو ان کے گھر پر تعلیم مہیا کرائی جائے۔ اس کے لئے محلے کے کمیونٹی سنٹر میں ٹی وی وغیرہ کے ذریعہ یہ تعلیم مہیا کی جائے گی اور معاشرتی دوری کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ این سی ای آر ٹی کی اس ہدایت نامہ میں وزارت انسانی وسائل کی ترقی کی طرف سے فراہم کردہ ڈیجیٹل تعلیم کے پلیٹ فارم کا بھی ذکر ہے جہاں سے طلبہ آن لائن تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔