بی جے پی جناح کے دو قومی نظریے کو درست ثابت کر رہی ہے: التجا مفتی
یواین آئی
سرینگر؍؍پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے کہا ہے کہ جہاں ناگالینڈ اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستیں نیم خودمختاری کی جانب رواں دواں ہیں اور اپنے شہریوں کو خصوصی حقوق فراہم کر رہی ہیں وہیں جموں و کشمیر جس کے پاس پہلے سے ہی خودمختاری تھی، سے اس لئے یہ چھین لی گئی کیونکہ یہ ایک مسلم اکثریتی ریاست تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے پاس اقلیتوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے لہٰذا جناح کے دو قومی نظریے کو درست ثابت کر رہی ہے۔ التجا مفتی نے ان باتوں کا اظہار اپنی ایک ٹویٹ میں کیا ہے جو انہوں نے بظاہر مدھیہ پردیش حکومت کے فیصلے جس کے تحت وہاں کی نوکریوں پر اب صرف مقامی لوگوں کا ہی حق ہوگا، کے تناظر میں کی ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہاں کے مطابق ان کی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے جس کے تحت وہاں کی نوکریاں اب صرف مقامی لوگوں کو دی جائیں گی۔