ایسے عناصر سماج میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں: مولانا بشارت ثقافی
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍دودن قبل جموں میں فرقہ پرست شخص نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی گندی ذہنیت کا اظہار کیا جس کی وجہ سے پورے جموں وکشمیر کے مسلمانوں میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے اور ہر طرف افراتفری کا ماحول ہے ۔اسی ضمن میں آج جماعت اہلسنت صوبہ جموں کے جنرل سیکرٹری مولانا بشارت حسین ثقافی نے جامعہ معین السنہ ڈینگلہ پونچھ میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں قرب و جوار کے بہت سارے علماء وائمہ مساجد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا موصوف نے کہا کہ مسلمان کے لئے سب سے بڑھ کر اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس ہے جن کی شان میں ادنی سی گستاخی بھی ناقابل برداشت ہے اس کے باوجود مسلمانوں نے اپنے جذبات پر کنٹرول کیا ہوا ہے جو مسلمانوں کی سنجیدگی اور فتنہ و فساد سے ملک وعلاقہ کو محفوظ رکھنے کی سوچ ہے لیکن اسے ہرگز ہماری بزدلی سے تعبیر نہ کیا جائے، مولانا ثقافی نے مزید کہا کہ ایک سوچی سمجی سازش کے تحت اس طرح کی زہر افشانی کی گئی ہے جس کا مقصد جموں کشمیر میں مذہبی منافرت پھیلا کر فساد کروانا ہے جسے ہم ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اس موقع پر مفتی سیف اللہ خان صابری اور مولانا مقصود احمد نعیمی خطیب جامع مسجد چنڈک نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس سنگین واقعہ کی سخت مذمت کی اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے اس بد بخت گستاخ کے خلاف کڑی سے کڑی کاروائی کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس میں سماجی کارکن سید طیب بخاری مکھیالہ کھنیتر، مولانا عبدالرزاق نعیمی لسانہ، مولانا خلیل احمد امام جامع مسجد ساتھرہ، حافظ عبد الحمید کھنیتر، مولانا فیض احمد دھندک، حافظ اعظم چکترو، مولانا منظور ہاڑی بڈھا،مولانا فاروق نقشبندی بچیاں والی،مولانا یونس ڈینگلہ، مولانا فاروق چنڈک، جامعہ معین السنہ کے ایڈمنسٹریٹر مختار مجاز وغیرہ موجود تھے۔